ضلع اورکزئی کی عوام عشروں کی محرومیوں کے بعد 25جولائی کو پہلی دفعہ اپنی من پسند قیادت سے علاقے کے بہتر مستقبل کا فیصلہ کرے گی، نور شہید خان

بدھ 27 جون 2018 23:25

ِاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2018ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47سے آزاد امیدوارنور شہیدخان نے کہا ہے کہ ضلع اورکزئی کی عوام عشروں کی محرومیوں کے بعد 25جولائی کو پہلی دفعہ اپنی من پسند قیادت سے علاقے کے بہتر مستقبل کا فیصلہ کرے گی ۔دو لاکھ 52ہزار نفوس پر مشتمل ضلع اورکزئی کے ایک لاکھ چھیاسٹھ ہزار رجسٹر ووٹرز کو اس سے قبل تعلیم ، صحت ، پختہ رستوں ، سڑکوں اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی ضروریات سے محروم رکھا گیا تھا۔

سال 2005جء طالبانائزیشن کے بعد آج تک علاقے کے متاثرین کی آباد کاری ، انتظامات نہیں اٹھا سکتے ہیں۔ منتخب ہو کر سب سے پہلے اپنے گھروں سے بے گھر خاندانوں کی باعزت آباد کاری کیلئے اقدامات اٹھائوں گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آن لائن کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

آزاد امیدوار حلقہ این اے 47نور شہیدخان کا کہنا تھا کہ ان کے والد ملک محمد روشن اور دادا ملک حاجی محمد امین (مرحوم) نے علاقہ کا بڑا ہونے کے ناطے ہمیشہ علاقے کی عوام کیلئے خدمات سرانجام دیں۔

علاقے کے نوجوانوں کو سپورٹس کی سہولت فراہمی ہو یا غریب طلباء کے تعلیمی اخراجات کی ادائیگی انہوں نے کبھی نوجوان نسل پر خرچ ہونے والی ذاتی آمدن کو اضافی نہیں سمجھا ۔ نور شہید خان کے مطابق ضلع اورکزئی میں اس وقت 18قبیلے آباد ہیں جن میں17قبیلے اورکزئی جبکہ تین بنگش قبیلہ ہیں۔ 18کے 18قبیلے علاقے کی محرومیوؔں کے خاتمے کیلئے اٹھ کھڑے ہوچکے ہیں۔

انہیں حلقے کی عوام کی محبت اور اللہ کریم کی رحمت پر پورا یقین ہے کہ 25جولائی کو فیصلہ ان کے حق میں آئے گا۔ نور شہید خان کے مطابق حلقہ این اے 47سے جنرل الیکشن 2018میں کل 35 امیدواران نے کاغذات جمع کرائے ہیں جن میں جماعتی بنیادوں پر صرف تین جماعتیں حلقے سے میدان میں موجود ہیں۔ حلقہ کی خواتین کی بڑی تعداد آج بھی ووٹ کے بنیادی حق سے محروم ہے جبکہ اس وقت تک کل رجسٹرڈ ووٹوں میں عورتوں کا تناسب 25فیصد ہے ۔

آن لائن کے سوال پر نور شہید خان نے بتایا کہ کل رجسٹرڈ خواتین ووٹرز میں سے زیادہ تر خواتین کے ووٹوں کا اندراج انہوں نے گزشتہ روز نادرا میں کروایا ہے ۔ عورتوؔں کے بنیادی حقوق کی فراہمی ، تعلیم ، صحت ، سڑکوں ، پینے کے صاف پانی اور بے گھر خاندانوں کی آباد کاری کا منشور لیکر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑرہا ہوں۔حلقے کے عوام نے موقع دیا تو کئے گئے تمام وعدے پورے کرکے دکھائوں گا۔