لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے توہین عدالت کی درخواست پر آر پی او راولپنڈی سے جواب طلب کر لیا

جمعرات 28 جون 2018 18:09

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2018ء) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے آر پی او راولپنڈی کے خلاف تو ہین عدالت کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ دینہ کی رہائشی خاتون نرگس بی بی نے ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیاکہ 12 اپریل 2017 کو فیصل عزیز، عبدالباسط اور سکندر حیات نے گن پوائنٹ پر اس کے خاوند کو اغواء کیا، طویل عرصہ تک تھانہ دینہ پولیس نے مقدمہ درج کیا اور نہ ملزمان گرفتار کئے ۔

درخواست میں بتایا گیا کہ تھانہ دینہ نے کافی عرصہ گزرنے کے بعد 22/ اے کی درخواست پرمقدمہ نمبر 146درج کیا مگر اسکے خاوند کو تا حال بازیاب نہیں کروایا جا سکا۔خاتون نے اپنی درخواست میں یہ الزام بھی عائد کیاکہ پولیس بااثر اور سیا سی اثرورسوخ کے باعث ملزمان گرفتار نہیں کر رہی۔

(جاری ہے)

دائر درخواست میں مزید کہا گیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود آر پی او نے درخواست گزار کے خاوند کی بازیابی کے لیے اقدامات نہیں کیے اور ملزمان اب اس کے خاوند کی رہائی کے بدلے پانچ لاکھ روپے کی رقم کا مطالبہ کررہے ہیں ۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس شاہد محمود عبا سی نے تو ہین عدالت کی درخواست پر سخت نو ٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے ذریعہ آر پی او سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔