سابق وزرائے اعظم نوازشریف ‘شاہدخاقان ودیگرکیخلاف بغاوت کے مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست کی سماعت ستمبر تک ملتوی

عدالت نے سرل المیڈا کو نوٹس جاری کردیا

جمعہ 29 جون 2018 12:27

سابق وزرائے اعظم نوازشریف ‘شاہدخاقان ودیگرکیخلاف بغاوت کے مقدمہ کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2018ء) لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور شاہدخاقان عباسی کیخلاف بغاوت کے مقدمہ کے اندراج کیلئے دائر درخواست پر شاہد خاقان عباسی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت الیکشن کے بعد ستمبر تک ملتوی کر دی جبکہ عدالت نے صحافی سرل المیڈا کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور شاہدخاقان عباسی ودیگرکیخلاف بغاوت کے مقدمہ کے اندراج کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی بھی لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔

عدالت نے استفسار کیا کیا سرل المیڈا پیش ہوئی جس پر عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ وہ نہیں آئے جس پر عدالت نے صحافی سرل المیڈا کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا جبکہ اس موقع پر شاہدخاقان عباسی نے موقف اپنایا کہ مجھے عدالتی نوٹس موصول نہیں ہوا میں ایپلٹ ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ آیاتھا۔ شاہد خاقان نے عدالت سے استدعا کی کہ اس کیس کی سماعت الیکشن کے بعد تک ملتوی کی جائے۔ عدالت نے ان کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ستمبر تک ملتوی کردی۔