سکھ مسلم دوستی کا رشتہ مضبوط ہو گا تو پاک بھارت تعلقات بھی بہتر ہوں گے ‘طاہر مسعود چوہدری

سکھ مہمان بھارت جا کر ہماری مہمان نوازی کا ذکر ضرور کریں تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات میں بہتری آئے ‘وفاقی سیکرٹری یاتریوں کے ویزہ کے بارے میں تمام تر مسائل کو حل کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے گی‘وزیر اقلیتی امور چوہدری فیصل مشتاق کا خطاب

جمعہ 29 جون 2018 14:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2018ء) وفاقی سیکرٹری برائے مذہبی امور طاہر مسعود چوہدری نے کہا ہے کہ سکھ قوم کو پاکستان میں اکثریت کی مانند حقوق حاصل ہیں محبتیں بانٹنے سے نفرتیں ختم ہوتی ہیں،جو دلوں پہ راج کرتے ہیں وہی ہمیشہ زندہ رہتے ہیں،مہاراجہ رنجیت سنگھ کی عوامی و فلاحی خدمات کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی،سکھ مہمان بھارت جا کر ہماری مہمان نوازی کا ذکر ضرور کریں تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات میں بہتری آئے اور خطے میںامن و خوشحالی ہو۔

یہ باتیں انہوںنے گورو دوارہ ڈیرہ صاحب میں منعقد مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے موقع پر بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔تقریب میں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ طاہر احسان ،سیکرٹری بورڈ محمد طارق وزیر،ڈپٹی سیکرٹری شرانئز عمران گوندل ،میڈیا انچارج عامر حسین ہاشمی ، ڈپٹی ایڈمنسریٹرسیدہ سمیرا رضوی ،کرنل ریٹائر عبدالغفور،عبدالوحید خان ،ہندو رہنماء ڈاکٹر منور چاند،سردار پروفیسر کلیان سنگھ،ترن سنگھ ،کیئر ٹیکر اظہر شاہ ،عتیق گیلانی،فضل ربی اور بھارت و دنیا بھر سے آئے مقامی سکھ رہنمائوں و مردو خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

طاہر مسعود چوہدری نے کہا کہ رنجیت سنگھ نے 40سال سے زیادہ حکومت کی جو سکھوں کے لیے بہترین مثال ہے۔ متروکو وقف املاک بورڈ سیکورٹی سمیت بہترین طریقہ سے سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی کر رہا ہے جس سے یاتری مطمعن اور بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھ مسلم دوستی کا رشتہ مضبوط ہو گا تو پاک بھارت تعلقات بھی بہتر ہوں گے ۔صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور چوہدری فیصل مشتاق نے کہا کہ سکھوں کو پاکستان میں مکمل حقوق حاصل ہیں ۔

اقلتیں پاکستان میں ایک گلدستہ کی مانند ہیں ،یاتریوں کے ویزہ کے بارے میں تمام تر مسائل کو حل کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے گی ۔سکھ قوم کو مہاراجہ رنجیت سنگھ کی بہادری اور حکمرانی کو یاد رکھتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے اور ترقی کرنی چاہیے ۔بھارتی جتھہ لیڈر سردار بلویندر سنگھ نے مہاراجہ رنجیت سنگھ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اونچے پہاڑوں اور وشال دیواروں کی مانند مضبوط حکمران تھے ۔

سکھ مسلم دوستی کا رشتہ مضبوط ہو گا تو پاک بھارت تعلقات بھی بہتر ہوں گے اور یہی دوستی کا عمل خطے میں ترقی و خوشحالی کا ضامن بھی ہو گا۔ہم نفرتوں کو مٹانے اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کے خواہش مند ہیں ۔انہوںنے خطاب کر ہوئے کہا کہ رنجیت سنگھ کی بہادری اور فتوحات کو یاد رکھتے ہوئے ہمیں سکھ قوم میں محنت اور مسائل کو حل کرنے کا جذبہ اجاگر کرنا چاہیے ۔

بلویندر سنگھ نے بھارت سے آئے یاتریوں کی جانب سے حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے کی جانے والی مہمان نوازی ،سیکورٹی اور پیار محبت کا واضح الفاظ میں شکریہ ادا کیا ۔انہوںنے کہا کہ ہم نے بھارت میں پاکستان کے بارے باالکل غلط تااثر ہے ہم واپس جا کر پاکستان کے اقلیتوں بارے سافٹ امیج کے حوالے سے دنیا بھر کو بتائیں گے ۔

پاکستان بالخصوص لاہوریوں نے ہمیں بہت پیار دیا ۔پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ نے کہ رنجیت سنگھ نے تمام قوموں کو برابری کے حقوق دیے بھارت میں پاکستان کے خلاف غلط پراپیگنڈا کیا جاتا ہے ۔بھارت پاکستان آنے والے پانی کو بند کر کے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کر کے دہشت گردی کا مرتکب ہو رہاہے ۔بھارت کی جانب سے سکھوں پر ہونے والے مظالم اور کشمیریوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ میں دنیا بھر سے سکھوں کو دعوت دیتا ہوں کہ ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہو کر اپنے تمام تر مسائل حل کر لیں ۔متروکہ وقف املاک بورڈ پاکستان میں گورودواروں کی سیکورٹی سمیت دیکھ بھال بہتر انداز میں کر رہا ہے ۔کالڑہ مشن کے سردار درشن سنگھ اور جگ موہن سنگھ ۔نے کہاکہ میں پوری سکھ قو م سے درخواست کرتا ہوں کہ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر مذہبی و دیگر جو بھی مسائل ہیں کے حل کے لیے کام کریں ۔

پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے جنرل سیکرٹری سردار گوپال سنگھ چاولہ ،سابقہ پردھان سردار بشن سنگھ نے کہا کہ PSGPCاور متروکہ وقف املاک بورڈ پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کی کھلے دل سے مہمان نوازی کے لیے تیار رہتے ہیں۔پاکستان میں بسنے والی سکھ قوم و اقلیتوں کو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں ۔سکھوں تقسیم کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔

اس موقع پر سکھ مسلم دوستی زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے ۔اور آخر میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ رہنمائوں و دیگر مہمانوں میں خصوصی تحائف تقسیم کیے گئے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی پاک بھارت تعلقات میں بہتری اور امن و بھارئی چارے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔یاتری آج دورہ مکمل ہونے پر بھارت واپس چلے جائیں گے ۔