لاہور ہائیکورٹ نے متنازعہ انٹرویو دینے اور حلف کی خلاف ورزی کرنے پر نوازشریف اور صحافی سرل المیڈا کو دوبارہ نوٹس جاری کر دئیے

جمعہ 29 جون 2018 15:42

لاہور ہائیکورٹ نے متنازعہ انٹرویو دینے اور حلف کی خلاف ورزی کرنے پر ..
لاہور۔29 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے متنازعہ انٹرویو دینے اور حلف کی خلاف ورزی کرنے پرسابق وزیراعظم نوازشریف اور صحافی سرل المیڈا کو نوٹس جاری کر دئیے جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بغاوت کے مقدمے کی کارروائی کیلئے دائر کیس میں لاہورہائیکورٹ کے فل بنچ کے روبرو جمعہ کو پیش ہوئے،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میںتین رکنی بنچ نے سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف شہری آمنہ ملک کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے میاں نوازشریف اورسرل المیڈا کے پیش نہ ہونے پردوبارہ نوٹس جاری کر دیا، عدالت کے روبرو شاہد خاقان عباسی نے پیش ہوکر کہا کہ مجھے عدالت کا نوٹس موصول نہیں ہوا، بلکہ میں ایپلٹ ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ آیا تھا، عدالتی حکم کا علم ہوتے ہی پیش ہو گیا،جس پر عدالت نے کہا کہ آپ کا عدالت میں پیش ہونا قابل تحسین عمل ہے، شاہد خاقان عباسی نے استدعا کی کہ یہ الیکشن کا مہینہ ہے کیس کی سماعت جولائی کے بعد تک ملتوی کی جائے، جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت دس ستمبر تک ملتوی کر دی،درخواست گزار کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نواز شریف نے نجی اخبار کے رپورٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے ملکی اداروں کے خلاف گفتگو کی اور ملکی راز افشاء کئے جبکہ بطور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کی معلومات فراہم کرکے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی، نواز شریف نے متنازعہ انٹرویو دیکر ملک و قوم سے غداری کی، ان کے خلاف بغاوت کے الزام کے تحت کارروائی کی جائے۔