چھانگلہ گلی میں تحصیل کونسل کے اجلاس کا مقصد علاقہ کے مسائل کا جائزہ لیکر ان سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے، تحصیل ناظم

جمعہ 29 جون 2018 17:53

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) تحصیل کونسل ایبٹ آباد کا اجلاس چھانگلہ گلی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت تحصیل کونسلر سردار راحیل خان نے کی۔ تحصیل ممبر یونین کونسل تاجوال فیاض بابا نے تلاوت قرآن پاک سے اجلاس کا آغاز کیا۔ تحصیل کونسلر محمد وحید نے اپنے علاقہ کے مسائل کے بارے میں اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سب سے بڑا مسئلہ پینے کا صاف پانی کا ہے، ان کے علاقہ سے پانی کی لائن گذر رہی ہے مگر اس لائن سے ان کے علاقہ کو پانی فراہم نہیں کیا جا رہا، پانی کے مسئلہ کو فی الفور حل کیا جائے۔

اجلاس میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ علاقہ کے لوگوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

تحصیل ممبر غلام مصطفیٰ نے قرارداد پیش کی کہ ملک پورہ میں تعمیر کئے گئے انصاف پارک میں لائٹنگ کا کوئی بندوبست نہیں ہے، شام کے وقت اکثر اوقات آوارہ لوگ آ کر بیٹھ جاتے ہیں، اس کی دیکھ بھال کا مناسب بندوبست کیا جائے۔ تحصیل ممبر ملک وسیم نے بابا فیاض کو تحصیل کا اجلاس منعقد کروانے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا۔

تحصیل ناظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے تحصیل کا اجلاس اس لئے یونین کونسلز میں رکھا ہے تاکہ وہاں کے مسائل کاجائزہ لیا جا سکے اور مستقبل کیلئے کوئی لائحہ عمل طے کر کے مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔ تحصیل ناظم اسحق سلیمانی نے تحصیل ممبر تاجوال بابا فیاض کا چھانگلہ گلی میں اجلاس منعقد کروانے اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :