تعلیم کے بغیر آگے بڑھنے کاتصور بھی نہیں کیا جاسکتا،ڈاکٹرسارہ صفدر

تعلیم ہمارا اثاثہ ہے اور تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی واخلاقی تعلیم کے علاوہ نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی بھرپور توجہ دینی ہوگی تاکہ مستقبل کی ذمہ داریوں کے لئے ذہنی اورجسمانی طور پر ایک صحت مند نسل تیارکی جاسکے، نگران وزیر تعلیم کا تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

جمعہ 29 جون 2018 23:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2018ء) خیبر پختونخوا کی نگران وزیر تعلیم ،سماجی بہبوداورمذہبی واقلیتی امور پروفیسرڈاکٹرسارہ صفدر نے کہاہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے تعلیم بنیادی جز اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کے بغیر آگے بڑھنے کاتصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔وہ جمعہ کے روز بورڈآف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن کوہاٹ میںبورڈہذاکے زیراہتمام منعقدہ سالانہ انٹرکالجزاینڈپرائیوٹ سکولزٹورنامنٹ 2017-18ء کے ونراینڈ رنراپ ٹیموں کی تقریب تقسیم اسناد سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہی تھیں۔

تقریب سے بورڈ کے چیئرمین عبدالرقیب نے بھی خطاب کیاجبکہ کنٹرولر بورڈ حاجی الیاس آفریدی ،سیکرٹری بورڈ وقاراحمد،مذکورہ کالجز اور سکولز کے پرنسپلزاور ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

امان اللہ خان نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیئے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ان کا کہناتھا کہ تعلیم ہمارا اثاثہ ہے اور تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی واخلاقی تعلیم کے علاوہ نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی بھرپور توجہ دینی ہوگی تاکہ مستقبل کی ذمہ داریوں کے لئے ذہنی اورجسمانی طور پر ایک صحت مند نسل تیارکی جاسکے۔ان کامزید کہناتھاکہ بچوںکی شخصیت بنانے میں والدین اور اساتذہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس لئے ہمیں اس طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر سارہ صفدر نے ملکی سطح پر کوہاٹ بورڈ کی نمایاں پوزیشن کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ بورڈ کے چیئرمین اور پورے عملے کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے جس پر یہ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے اس موقع پر بورڈ کے ملازمین کے لئے سروس سٹرکچر بنانے کی یقین دہانی کرائی اور بورڈعملے کے لئے ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر اعزازیہ کا اعلان بھی کیا۔قبل ازیں مہما ن خصوصی نے ونر اینڈرنراپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :