پنجاب بھر میں ہنگامی طور پر غیر معینہ مدت کیلئے دفعہ 144 نافذ

دفعہ 144 امن و امان کی صورتحال بگڑنے کے خدشے کے باعث لگائی گئی، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا: نگران وزارت داخلہ پنجاب

muhammad ali محمد علی جمعہ 29 جون 2018 22:26

پنجاب بھر میں ہنگامی طور پر غیر معینہ مدت کیلئے دفعہ 144 نافذ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جون2018ء) پنجاب بھر میں ہنگامی طور پر غیر معینہ مدت کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی نگران وزارت داخلہ نے عام انتخابات سے قبل صوبے بھر کیلئے ہنگامہ طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ دفعہ 144 غیر معینہ مدت کیلئے نافذ کی گئی ہے۔ دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں اسلحے کا سرعام استعمال اور نمائش، فائر کریکر اور آتش بازی کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔

جبکہ کسی قسم کا جشن منانے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔ دفعہ 144 کے تحت کسی بھی جماعت کے الیکشن دفتر کے گرد 5 سے زیادہ افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی عائد ہوگی۔ جبکہ کسی بھی سیاسی جماعت کو کہیں بھی جشن منانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ سیاسی جماعتوں پر ریلیاں نکالنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کے مطابق پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ امن و امان کی صورتحال بگڑنے کے خدشات کے باعث کیا گیا ہے۔

جاری کردہ ضابطہ اخلاق کیخلاف اگر کوئی بھی شخص کچھ کرتا ہے، تو اس کیخلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے گا۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ جاری کردہ ہدایات پر سختی سے اور ہر صورت عمل کریں۔ واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات سے قبل امن و امان کی صورتحال بگڑنے کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع کا دعوی ہے کہ انتخابات سے قبل سیاسی قیادت کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ اسی باعث اب نگران حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے عوام اور سیاسی جماعتوں کو خبردار کردیا ہے۔ یہ بات بھی واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات کا انعقاد اگلے ماہ کی 25 تاریخ کو ہوگا۔