نشتر کینسر وارڈ میں مریضوں کے لئے جدید کینسر ٹریٹمنٹ مشینری خریدی جاچکی ہے۔ڈپٹی کمشنر

جمعہ 29 جون 2018 23:45

ملتان۔29 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لئے ضلع کے تمام ٹیچنگ اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں میڈیکل سٹاف اور طبی آلات کی کمی ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جارہی ہے۔ نشتر یونیورسٹی اور ہسپتال میں جدید ایمرجنسی بلاک اور نئے کلاس رومز کے منصوبے پر تیزی سے عمل در آمد جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نشتر کینسر وارڈ میں مریضوں کے لئے جدید کینسر ٹریٹمنٹ مشینری خریدی جاچکی ہے۔ جلد نئے بلاک کی تعمیر کر کے کینسر کے مریضوں کے لئے بیڈز کی تعداد بڑھادی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ محکمہ صحت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نشتر یونیورسٹی ڈاکٹر اعجاز مسعود، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد بخاری اور متعلقہ محکموں کے سربراہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ روڈز کو نشتر ہسپتال کی اندرونی سڑکوں کی فوری مرمت شروع کرنے کے احکامات دئیے ہیں تاکہ ایمبولینس اور سٹریچرز کا راستہ کلیئرہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال کو جدید آن لائن سسٹم سے منسلک کیا جارہا ہے تاکہ مریضوں کی آن لائن رجسٹریشن اور علاج معالجہ کا مکمل ریکارڈ رکھا جاسکے۔

جدید ترین سافٹ وئیر کے ذریعے اگلے مرحلے میںپنجاب کے تمام بڑے ہسپتالوں کو سافٹ ویئر سے منسلک کر کے ڈیٹا آن لائن کیا جائے گا۔ وائس چانسلر نشتر یونیورسٹی ڈاکٹر اعجازمسعود نے کہاکہ رواں سال نشتر ہسپتال کی ترقیاتی سکیموں کو ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ نشتر یونیورسٹی میں نئے بلاکس کی تعمیر پر بلڈنگ اور پلاننگ سمیت تمام محکمے آن بورڈ ہیں۔