Live Updates

شہر میں صحت وصفائی کا معیار مزید بہتر بنانے‘ ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے سلسلہ میں اہم مشاورتی اجلاس

جمعہ 29 جون 2018 23:48

رحیم یارخان۔29 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) رحیم یارخان شہر میں صحت وصفائی کا معیار مزید بہتر بنانے‘ ناجائز تجاوزات کے خاتمے‘ نکاسی آب اور دوسرے بنیادی مسائل کے حل کیلئے میونسپل کمیٹی کے ممبران کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین میاں اعجازعامر نے کی۔اجلاس میں شہر کے مختلف وارڈز کے جنرل کونسلرز نے میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کو اپنے اپنے حلقوں میں صحت وصفائی اور نکاسی آب سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔

ممبران نے سال 2018-19ء کیلئے بہترین اور متوازن بجٹ پیش کرنے پر بھی میاں اعجازعامر کو مبارکباد دی۔ میونسپل کمیٹی کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے میاں اعجازعامر نے کہا کہ شہر بھر میں کشادہ سڑکیں‘ گرین بیلٹس‘ خوبصورت پارکس ‘ صاف ستھرا ماحول‘ پینے کے صاف پانی‘ سٹریٹ لائٹس اور دوسرے فلاحی کام خلوص نیت کے ساتھ بلاتفریق اور بلاامتیاز کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

مشکلات اور مسائل کے باوجود گذشتہ ڈیڑھ سال کے عرصہ میں میونسپل کمیٹی کے منتخب عوامی نمائندوں نے جس نیک نیتی‘ خلوص دل اور لگن کے ساتھ عوامی ذمہ داریاں نبھائی ہیں وہ قابل ستائش ہیں جس پر ہاؤس کے ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت کی طرف سے پی ایف سی ڈویلپمنٹ گرانٹ گذشتہ سال سے بند ہوچکی ہے اور میونسپل کمیٹی کو اپنے وسائل اور فنڈز پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے اس کے باوجود پوری کوشش کی گئی ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران ترقیاتی پروگراموں کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز رکھے جائیں۔

نئے بجٹ میں تقریباً ساڑھے 18کروڑ روپے ترقیاتی اخراجات کیلئے مختص کئے گئے ہیں جو ضلع کی کسی بھی دوسری میونسپل کمیٹی کے ترقیاتی بجٹ سے زیادہ ہیں۔ انشاء اللہ ممبران کی جانب سے ان کے حلقوں میں جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے ان کے حل کیلئے تمام وسائل اور صلاحتیں بروئے کارلاتے ہوئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :