نصیر آباد ڈویژن میں عام انتخابات میں امن امان برقرار رکھنے کے لئے پولیس اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری سے ادا کرے گی، ڈی آئی جی نصیرآباد رینج راؤمنیراحمد ضیاء

جمعہ 29 جون 2018 23:54

کوئٹہ۔29جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) ڈی آئی جی پولیس نصیر آبادرینج راؤ منیر احمد ضیاء نے کہا ہے کہ نصیر آباد ڈویژن میں عام انتخابات میں امن امان برقرار رکھنے کے لئے پولیس اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری سے ادا کرے گی۔آنے والے انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے رینج بھر پولنگ اسٹیشنوں، ووٹرز اور الیکشن کمیشن کے عملے کی سیکورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

تمام ایس پیز کو خصوصی ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ اپنے علاقوں میں جرائم کی روک تھام کے لئے خصوصی اقدامات کریں اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ڈی آئی جی پولیس نصیر آباد راؤ میر احمد ضیاء کا کہنا تھا کہ رینج کے 05 اضلاع کے تھانوں کی حدودو میں 543 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جس میں سے 156کوانتہائی حساس، 318کو حساس اور 68 پولنگ اسٹیشن کو حسب معمول (نارمل) درجے میں رکھے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انتخابات میں عوام کو پر امن ماحول ل فراہم کرنے کے لئے 04ہزارسے زائد پولیس اہلکار اپنے فرائض سر انجام دیں گے جبکہ پولیس کے ساتھ ساتھ، ایف سی بی سی اور آرمی کے جوان بھی اپنے فرائض کی ادائیگی میں مصروف رہیں گے۔کسی بھی نا خوشگوار واقع سے نمٹنے کے لئے خصوصی پلان تشکیل دئے جا رہے ہیں۔ تھانوں کی سطح پر کیو آرایف اور فرسٹ ریسپونس ٹیمیں بھی موجود رہیں گی۔

ڈی آئی جی پولیس نصیر آباد راؤ منیراحمد ضیاء کا مزید کہنا تھا کہ جرائم کے خاتمے کے لئے عوام، میڈیا اور پولیس کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون ضروری ہے۔ جرائم کسی بھی نوعیت کے ہوں ان کی روک تھام ضروری ہے۔عوام کی جان ومال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے۔تمام ایس پیز کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے علاقوں میں جرائم کے روک تھام کے لئے خصوصی اقدامات کریں۔