Live Updates

ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ۔۔۔نواز شریف نے اپنے مخالفین کو بڑا سرپرائز دیدیا

لندن میں موجود سابق وزیر اعظم کیا کرنے جا رہے ہیں، اپنی زندگی کا اہم فیصلہ کرلیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 4 جولائی 2018 13:04

ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ۔۔۔نواز شریف نے اپنے مخالفین کو بڑا سرپرائز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 جولائی 2018ء) : احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ 6 جولائی بروز جمعہ کو سنایا جائے گا۔ احتساب عدالت نے فیصلے کے وقت سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ ایون فیلڈ ریفرنس کیس کے فیصلے کے لیے نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے یا نہیں اس حوالے سے لندن میں مشاورت کا آغاز کردیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق نواز شریف نے لندن سے پاکستان واپسی سے متعلق اپنے قانونی ماہرین اور قریبی رفقا سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف احتساب عدالت میں ریفرنس کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد پاکستان لوٹیں گے اور سزا ہونے کی صورت میں پاکستان آمد پر ائیر پورٹ پر ہی گرفتاری دے دیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے لیکن مریم نواز کو والدہ کے علاج کے لیے لندن ہی میں ٹھہرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع نے بتایا کہ احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد سے نواز شریف صرف چند منٹ کے لیے دو مرتبہ ہارلے اسٹیٹ کلینک آئے جہاں ان کی اہلیہ زیر علاج ہیں ، جبکہ انہوں نے باقی سارا وقت اپنے صاحبزادے کے دفتر میں گزارا۔نواز شریف اپنے بیٹے کے دفتر میں اپنے سیاسی رفقا سے مشاورت کرتے رہے، گذشتہ روز بھی نواز شریف نے لندن اور پاکستان میں موجود اپنے سیاسی رفقا سے رابطہ کیا اور پاکستان واپسی سے متعلق مشاورت کی۔

نواز شریف کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ نیب عدالت کے فیصلے کے بعد ہر صورت پاکستان آئیں۔ لندن میں موجود ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے جمعہ کی صبح پاکستان جانا تھا لیکن نیب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد ہی انہیں مشورہ دیا گیا کہ وہ جمعہ کی بجائے اگلے ہفتے پیر کو پاکستان آئیں جبکہ مریم نواز کو والدہ کے علاج کے لیے لندن میں ہی قیام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کا حتمی فیصلہ آج ہی ہونے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن(ر) محمد صفدرکے خلاف دائر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ گذشتہ روز محفوظ کیا تھا جو 6 جولائی بروز جمعہ کو سنایا جائے گا۔ احتساب عدالت نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔

احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس کی تقریباً ساڑھے 9 ماہ سماعت کی۔ سابق وزیر اعظم کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کو عدم حاضری پر ایون فیلڈ ریفرنس میں اشتہاری قرار دیا گیا ۔ واضح رہے کہ 29 جون کو ہونے والی سماعت پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایڈووکیٹ امجد پرویز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 2 جولائی کو ہر حالت میں حتمی دلائل ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور مریم نواز لندن میں موجودگی کے باعث منگل کو بھی احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ پیر کے روز عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کو حاضری سے 2 روز کا استثنیٰ دیا تھا۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں محمد نواز شریف سمیت ملزمان سے 127سوالات پوچھے گئے، لندن سے 2 گواہوں کے بیانات ویڈیو لنک پر ریکارڈ کیے گئے جبکہ نیب کے گواہ رابرٹ ریڈلے اور راجا اختر کا بھی ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کیا گیا۔ایون فیلڈ ریفرنس کی کُل 107 سماعتیں ہوئیں ہیں ۔ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور مریم نواز 78 مرتبہ عدالت میں پیش ہوئے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات