Live Updates

نوازشریف کی ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنے کیلئے درخواست دائر ،ْ کل سماعت ہوگی

مجبوری کے باعث 6 جولائی کو پاکستان نہیں آسکتے، جیسے ہی اہلیہ کی طبیعت بہتر ہوگی پاکستان آئیں گے کچھ دن کیلئے فیصلہ مؤخر کیا جائے ،ْ درخواست میں استدعا حتساب عدالت نے شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا محفوظ فیصلہ سنانے کیلئے (آج)6 جولائی کی تاریخ مقرر کر رکھی ہے ،ْ رپورٹ

جمعرات 5 جولائی 2018 14:52

نوازشریف کی ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنے کیلئے درخواست دائر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد ،ْ سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنے کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جسے سنانے کیلئے 6 جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جبکہ نوازشریف نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں فیصلہ مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے۔

جمعرات کو محمد نوازشریف نے اپنے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکیل ظافر خان کے توسط سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنے کے لیے باضابطہ درخواست دائر کردی ہے۔نواشریف نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ وہ اس ٹرائل کا حصہ رہے ہیں اور مسلسل عدالت آتے رہے لیکن اچانک صورتحال تبدیل ہوئی اور ان کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبعیت شدید خراب ہوگئی۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیاکہ جب سنا کہ احتساب عدالت فیصلہ سنانے جارہی ہے تو پاکستان جانے کیلئے ڈاکٹرز سے مشورہ کیا، ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی طبیعت میں بہتری تک نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مجبوری کے باعث 6 جولائی کو پاکستان نہیں آسکتے، جیسے ہی اہلیہ کی طبیعت بہتر ہوگی پاکستان آئیں گے لہٰذا کچھ دن کے لیے فیصلہ مؤخر کیا جائے۔

نجی ٹی وی کے مطابق دوسری جانب رجسٹرار احتساب عدالت ایاز حسن زبیری نے نوازشریف کی درخواست آنے پر جج محمد بشیر سے فون پر رابطہ کیا۔رجسٹرار کا کہنا تھاکہ درخواست ہم خود ہی وصول کرتے ہیں لیکن ہائی پروفائل کیس کی وجہ سے جج سے رابطہ ضروری ہے۔اس موقع پر نوازشریف کے وکیل ظافر خان نے کہا کہ ابھی درخواست صرف دائر کی گئی ہے، اس پر سماعت (آج) جمعہ کو کی جائے۔

رجسٹرار آفس کی ہدایت پر عدالتی عملے نے نواز شریف کی درخواست وصول کرکے ڈیوٹی جج کو بھجوادی۔جج محمد بشیر کی چھٹی کے باعث احتساب عدالت نمبر دو کے جج محمد ارشد ملک کے پاس درخواست گئی تو انہوں نے سوال کیا کہ یہ درخواست میرے پاس کیوں لے آئے ہیں جج محمد ارشد ملک نے درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی۔بعد ازاں ڈیوٹی جج ارشد ملک کا درخواستوں کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم جاری کیا اور نوازشریف اور مریم نواز کی درخواستیں جمعہ کو احتساب عدالت میں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئیں ۔واضح رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنسز بھی زیر سماعت ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات