Live Updates

شاباش نواز شریف! آپ ڈرے نہیں، فتح آپ کی ہوگی،مریم نواز

پاکستان میں70 سال سےسرگرم نادیدہ قوتوں کےسامنے ڈٹ جانےکی یہ سزا بہت چھوٹی ہے، آج ظلم کیخلاف لڑنے کا حوصلہ اور بلند ہو گیا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کافیصلے ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 6 جولائی 2018 17:09

شاباش نواز شریف! آپ ڈرے نہیں، فتح آپ کی ہوگی،مریم نواز
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 جولائی 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنماء مریم نواز نے احتساب عدالت کے فیصلے کورد کرتے ہوئے کہا کہ شاباش نواز شریف! آپ ڈرے نہیں، فتح آپ کی ہو گی، پاکستان میں 70 سال سے سرگرم نادیدہ قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کی یہ سزا بہت چھوٹی ہے،آج ظلم کے خلاف لڑنے کا حوصلہ اور بلند ہو گیا۔مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے احتساب عدالت کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پاکستان میں 70 سال سے سرگرم نادیدہ قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کی یہ سزا بہت چھوٹی ہے۔

آج ظلم کے خلاف لڑنے کا حوصلہ اور بلند ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ شاباش نواز شریف! آپ ڈرے نہیں، آپ جھکے نہیں۔ آپ نے ذاتی زندگی پر پاکستان کو ترجیح دی۔عوام آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

فتح آپ کی ہو گی۔ انشاءالّلہ! انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ نواز شریف آ رہا ہے۔ تبھی تو اس کو روکنے کی سر توڑ کوششیں کی جا رہی۔ آج آخری کوشش تھی۔ انشاءالّلہ پہلے کی طرح ناکامی ہو گی۔

مریم نواز نے پارٹی قائد نوازشریف کی تصویر بھی شیئر کی۔
واضح رہے احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف ، ان کی صاحبزادی مریم نوازاور ان کے دامادکیپٹن رصفدر کوایک سال سزا سنا دی ہے۔مریم نواز کوجعلی دستاویزات تیار کرنے پر دھوکہ دہی ثابت ہوئی ہے جس پرانہیں سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

احتساب عدالت نے نوازشریف کو10سال قید کی سزا،8ملین پاؤنڈ جرمانہ ، مریم نواز کو7سال قید،2ملین پاؤنڈ کا جرمانہ اور کیپٹن ر صفدر کوایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے پاناما کیس میں ایون فیلڈ ریفرنس کافیصلہ سنادیا ہے، عدالت نے قرار دیا کہ ،قطری خط جھوٹا اور جعلی تھا،احتساب عدالت نے نوازشریف کی تمام جائیداد ضبط کرنے اورایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی قرقی کاحکم دے دیا ہے۔

واضح رہے احتساب عدالت نے 3جولائی کوایون فیلڈریفرنس کا فیصلہ محفوظ کیاتھا۔مسلم لیگ ن کے قائدنوازشریف اور بچوں کے خلاف8ستمبر کو احتساب عدالت میں ریفرنسزدائر کیے گئے۔ریفرنس میں نوازشریف، مریم نواز، حسن اور حسین نواز سمیت کیپٹن رصفدر کو نامزد کیا گیا۔14ستمبر2017ء کوعدالت میں کیس کی پہلی سماعت ہوئی ،ساڑھے نو مہینے کیس کوسنا گیا۔26ستمبر 2017ء کو نوازشریف اور 9اکتوبر کومریم نواز پہلی بار احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

3نومبر کونوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر عدالت میں اکٹھے پیش ہوئے۔کیس میں 18گواہان نے اپنے بیانات قلمبند کروائے۔گواہان میں جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء بھی شامل تھے۔ تاہم واجد ضیاء نے نوازشریف کوایون فیلڈ ریفرنس میں براہ راست ملوث ہونے کا بیان نہیں دیا۔اسی طرح عدم حاضری پرعدالت نے حسن اور حسین نواز کواشتہاری ملزم قرار دیا۔

گیارہ جولائی کونوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کیس سے الگ ہوئے پھر 19جولائی کوکیس کے ساتھ لگ گئے۔سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے علاج اور ان کی عیادت کیلئے لندن میں موجود ہیں۔مریم نواز بھی ان کے ہمراہ لندن میں ہی ہیں۔ نوازشریف کی جانب سے فیصلہ کچھ روز کیلئے مئوخر کرنے کی درخواست کی گئی جس کواحتساب عدالت نے مستردکردیا تھا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات