کہ ہم خدائی مخلوق کی مدد سے الیکشن جیتیں گے، احتساب عدالت کا فیصلہ ہر کرپٹ سیاستدان کے لئے تازیانہ ہے، حامد رضا

ہفتہ 7 جولائی 2018 22:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہم خدائی مخلوق کی مدد سے الیکشن جیتیں گے۔ احتساب عدالت کا فیصلہ ہر کرپٹ سیاستدان کے لئے تازیانہ ہے۔ نواز شریف کو ختم نبوت سے غداری کی سزا ملی ہے۔ عوامی عدالت کا فیصلہ بھی لٹیروں کے خلاف آئے گا۔ نواز شریف کے خلاف فیصلے پر عوام نے رد عمل ظاہر نہ کر کے ن لیگ سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

نواز شریف قوم کو باہر نکلنے کی دعوت دینے سے پہلے اپنے بیٹوں اور سمدھی کو پاکستان لائیں۔ شریف خاندان مکافات عمل کا شکار ہے۔ احتساب عدالت کا فیصلہ ملک میں حقیقی احتساب کا نکتہ اختتام نہیں نکتہ آغاز ہے۔ لوٹی دولت ملک میں واپس لائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے حلقہ این اے 110 میں مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ 25 جولائی کو عوامی شعور گونجے گا۔

لوٹ مار کرنے والے ہر شخص کا احتساب ہونا چایئے۔ احتساب عدالت نے مجھے کیوں نکالا کا جواب دے دیا ہے۔ شریف خاندان اللہ کی بے آواز لاٹھی کی زد میں ہے۔ نواز شریف کو سزا کم سنائی گئی ہے، نیب کو اپیل میں جانا چایئے۔ اب احتساب کا سلسلہ کوئی نہیں روک سکتا۔ حلقہ این اے 110 کے ووٹرز گھوڑے کے نشان پر مہر لگا کر کرپشن کے خلاف نفرت کا اظہار کریں۔ گھوڑے کا نشان جیت کا نشان ہے۔ اسمبلی میں پہنچ کر غریبوں کی آواز بنوں گا۔ شفاف الیکشن کے حوالے سے میرے تحفظات دور ہو چکے ہیں۔