نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں فخر زمان کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

باﺅلرز رینکنگ میں محمد عامر،فہیم اشرف، محمد نواز کی بھی ترقی

پیر 9 جولائی 2018 13:54

نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں فخر زمان کے لیے بڑی خوشخبری آگئی
ہرارے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9جولائی 2018 ء) پاکستانی اوپنر فخر زمان نے آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ میں دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے ، کینگروز کے کپتان ایرون فنچ پہلے نمبر پر براجمان ہیں ۔کینگرو کپتان نے 763پوائنٹس کے ساتھ دورہ انگلینڈ کا آغاز کیا تھا اور مجموعی طور پر 390رنز سکور کرکے 891پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی ۔

پاکستانی اوپنر فخر زمان نے سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز میں 278رنز سکور کرکے لمبی چھلانگ لگائی ہے اور اب وہ 842پوائنٹس کے ساتھ 46ویں سے دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں ۔ بھارت کے لوکیش راہول نے انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران سنچری سکورکرنے کے ساتھ ساتھ 9درجے اوپر چڑھ کرتیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا ہے۔بھارت ہی کے روہت شرمادو درجے ترقی کے ساتھ 11ویں نمبر پر پہنچے ہیں جب کہ بلیو شرٹس کے کپتان ویرات کوہلی کو 4درجے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اب وہ 12ویں پوزیشن پر موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کے ڈارسی شارٹ18سیڑھیاں چڑھ کر دسویں نمبر پر پہنچے ہیں جب کہ انگلینڈ کے جیسن روئے نے34ویں سے 15ویں نمبر پر چھلانگ لگائی ہے ،زمبابو ے کے سولومن مائر نے 202سیڑھیا ں چڑھ کر25ویں پوزیشن پر قبضہ جمایا ہے جب کہ ان کے کپتان ہیملٹن مساکاڈزا18نمبر پر موجود ہیں ۔ باﺅلرز کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان اور پاکستانی لیگ سپنر شاداب خان نے بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر قبضہ برقرار رکھا ہواہے جب کہ پاکستان کے محمد عامر نے 18ویں سے 12ویں، آل راﺅنڈ ر محمدنواز نے 41ویں سے 32ویں جب کہ فہیم اشرف سے 54ویں سے33ویں پوزیشن پرچھلانگ لگائی ہے۔

دوسری جانب ٹیم رینکنگ میں پاکستان 132پوائنٹس کے ساتھ بدستورپہلے نمبر پر موجود ہے جب کہ بھارت نے 124پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے، آسٹریلیا122پوائنٹس کے ہمراہ اس وقت تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔