پولنگ اور جاری الیکشن مہم میں امن وامان قائم رکھنے اور کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے واقع کے روک تھام کے لئے صوبائی حکومت نے تمام تر انتظامات مکمل کررکھے ہیں،پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ ہیں،صوبائی وزیر داخلہ آغا عمر بنگلزئی

جمعرات 12 جولائی 2018 00:40

کوئٹہ۔11جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان آغا عمر بنگلزئی نے کہاہے کہ پولنگ اور جاری الیکشن مہم میں امن وامان قائم رکھنے اور کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے واقع کے روک تھام کے لئے صوبائی حکومت نے تمام تر انتظامات مکمل کررکھے ہیں۔سیکورٹی ادارے امن وامان برقرار رکھنے اور الیکشن کے رو ز انتخابی عملے امیدواروں کے انتخابی عمل میں شریک تمام منتظمین و عوام کے تحفظ کے لئے حکمت عمل وضع کردی گئی ہے جس پر سختی سے عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ ہیں۔

اس ضمن میں وہ خود ہر ڈویڑن ہیڈ کوارٹر میں جا کر وہاں کے انتظامی حالات کا جائزہ لے رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں ڈویژنل ہیڈکوارٹر خضدار میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

جس میں کمشنر قلات ڈویڑن ڈاکٹر سعید جمالی ، ڈی آئی جی خضدار رینج عبداللہ جان ڈپٹی کمشنر خضدار محمد الیاس کبزئی ، ایس ایس پی خضدار لعل محمد بلوچ ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر محمد مراد مینگل ،ایس ای بی اینڈ آر ذوالفقار کھوسہ و دیگر محکموں کے سربراہان شریک تھے۔

وزیرداخلہ بلوچستان آغا عمر بنگلزئی نے تمام انتظامی و پولیس اور لیویز آفیسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ الیکشن پٴْرامن انداز میں منعقد کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے خصوصاً انتخابات سے قبل انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہیں اس دوران عوام کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ آزادانہ طور پر اس جمہوری عمل میں شریک ہوسکیں۔ انہوں نے کہاکہ صاف و شفاف اور پٴْرامن انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری ہمیں سونپی گئی ہے ،جسے پورا کرنے کے لئے حکومت امن وامان کے حوالے سے پالیسی تیار کرکے اس پر کام شروع کردیا ہے ، ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن تک باعزت و باحفاظت و پرامن اور آذادانہ ماحول میں ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے سیکورٹی ادارے مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں احساس ہے کہ صوبے کے بہت سے علاقے انتہائی دور دراز اور دشوار گزار علاقوں پر مشتمل ہیں لیکن وہاں انتخابی ڈیوٹی سرانجام دینے والے عملے ووٹرز کو بھر پور سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے انہوں نے عوام پر زور دیا کہ جمہوری عمل کا وہ اعلیٰ اختیارات استعمال کرنے کا دن قریب تر ہوتاجارہاہے ،وہ ذمہ داری سے محنتی ایماندار اور قوم و ملک و صوبے سے محبت کرنے والے امیداروں کو منتخب کرکے جمہوری عمل کے اس اختیار کو استعمال میں لائیں۔

انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ گھر کے سربراہ اپنی خواتین کو اس انتخابی عمل میں شریک کریں اور انہیں راغب کریں کہ وہ اپنا ووٹ ہر صورت استعمال کرسکیں۔ قبل ازیں کمشنر قلات ڈویڑن ڈاکٹر سعیدجمالی نے الیکشن انتطامات و امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ قلات ڈویڑن کے 8اضلاع میں انتخابی سرگرمیاں پٴْرامن طور پر عروج پر ہیں پولیس لیویز ایف سی امن وامان کے حوالے سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں پورے ڈویڑن کے دور دراز علاقوں سمیت تمام بڑے شہروں کی مانیٹرنگ جاری ہے کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے ہائی الرٹ ہیں تمام انتخابی امیدواروں کو ان کی نقل و حمل جلسے جلوسوں وانتخابی ریلیوں کے لئے بھر پور سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ انتخابات کے روز ووٹنگ کے حوالے سے انتظامات مکمل ہیں ضلع و تحصیل سطح پر مانیٹرنگ روم قائم کیا جارہاہے پولنگ عملے کو پولنگ اسٹیشن تک ہر طرح کی سیکورٹی و سہولت فراہم کی جائیگی پولنگ اسٹیشنوں کی سیکورٹی الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق کی جارہی ہیں پولنگ اسٹیشنوں کی مرمت پانی و بجلی کی فراہمی کے لئے متعلقہ محکمے تقریباً کام مکمل کرچکے ہیں۔

امن وامان کے لئے سیکورٹی اداروں کا گشت بڑھا دیا گیا ہے قلات ڈویڑن سے گزرنے والی قومی شاہراہ کی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ڈویڑن کے تمام ادارے انتخابی فرائض بخوبی سرانجام دینے کے لئے باہمی رابطے میں ہیں