Live Updates

نواز شریف اور مریم نواز کی بیرکس میں اس سے قبل کون کون رہ چکا ہے؟

نواز شریف کو یوسف رضا گیلانی اور مریم نواز کو ماڈل ایان والی بیرک میں رکھا گیا، دونوں نے رات ائیر کنڈیشنر کے بغیر گزاری۔ میڈیا رپورٹ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 14 جولائی 2018 14:02

نواز شریف اور مریم نواز کی بیرکس میں اس سے قبل کون کون رہ چکا ہے؟
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جولائی 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف اوران کی صاحبزادی مریم نواز کو گذشتہ روز لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے اسلام آباد منتقل کیا گیا جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک ہی کمپاؤنڈ میں رکھا گیا ہے، جبکہ تینوں کے کمرے الگ الگ ہیں، البتہ وہ کمپاؤنڈ میں ملاقات کر سکیں گے۔

۔نواز شریف اور مریم نواز کو الاٹ کی جانے والی اڈیالہ جیل کی بیرکس سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ ان بیرکس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور کرنسی اسمگلنگ کیس میں مرکزی ملزمہ ماڈل ایان علی قید رہ چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو سابق وزیرا عظم یوسف رضا گیلانی والی بیرک جبکہ مریم نواز کو کرنسی اسمگلنگ کیس میں ملوث ماڈل ایان والی بیرک میں رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یوسف رضاگیلانی کو نیب ریفرنس میں کچھ عرصہ اڈیالہ جیل میں قیام کرنا پڑا تھا جبکہ ایان علی کو5 لاکھ ڈالر بیرون ملک اسمگل کرنے کے الزام میں اسلام آباد ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا جس پر انہیں کئی ماہ جیل میں بھی قید رکھا گیا۔ نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل کی بی کلاس الاٹ کی گئی ہے۔ بی کلاس والی ان بیرکس میں صرف پنکھے موجود ہیں اس لیے نوازشریف اورمریم کو رات ائیر کنڈیشنر کے بغیر ہی گزارنا پڑی۔

بی کلاس کے تحت مجرموں کو اخبار، ٹی وی، بیڈ کی سہولیات دستیاب ہوں گی جبکہ گھر کے کھانے اور مشقتی کی سہولت بھی دستیاب ہوں گی۔ قبل ازیں مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنے کی اطلاعات تھیں اور اس مقصد کے لیے ریسٹ ہاؤس کو سب جیل بھی قرادے دیا گیا تھا لیکن پھراچانک مریم کو بھی اڈیالہ جیل ہی منتقل کر دیا گیا۔ نواز شریف اور مریم نواز کی عام جیل سے بہتر کلاس میں منتقلی کےلئے عدالتی احکامات درکار ہیں، بہتر کلاس میں منتقلی کے لیے درخواست دینے پر عدالتی احکامات کی صورت میں ان کو بہتر کلاس الاٹ کی جا سکتی ہے۔

میڈیا ذارئع کے مطابق مریم نواز کو کوئی بھی سیاسی عہدہ نہ رکھنے کے باعث جیل میں بہتر کلاس لینے کا استحقاق حاصل نہیں ہے ، بہتر کلاس لینے کے لیے مریم نواز کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ سالانہ 6 لاکھ ٹیکس ادا کرتی ہیں۔ نواز شریف اور مریم نواز کو آج صبح ناشتے میں انڈہ پراٹھا پیش کیاگیا لیکن نواز شریف نے کھانے سے انکار کرتے ہوئے صرف چائے لی اور اس کے ساتھ دوائیاں کھا لیں جبکہ مریم نواز نے بھی تھوڑا بہت ہی ناشتہ کیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات