ایم ایم اے اقتدار میں آکر آئین کی اسلامی دفعات کا تحفظ ،تعلیم و روزگار کی فراہمی یقینی بنائے گی،مولانا فضل علی حقانی و دیگر

اتوار 15 جولائی 2018 19:00

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل کے امیدواران برائے این اے 18صوابی1مولانا فضل علی حقانی ، این اے 19صوابی2مولانا عطاء الحق درویش ، پی کے 43صوابی1سجاد خان جدون،پی کے 44صوابی2عثمان شیر، پی کے 45صوابی3مولانا محمد آمین دوست، پی کے 46صوابی4 محمود الحسن، ضلعی نائب امیر جے یو آئی اشفاق اللہ خان ، سینئر نائب امیر حاجی غفور خان جدون اور دیگر نے علاقہ گدون ،صوابی ، زیدہ ، چھوٹا لاہور ، مانکی ، جہانگیرہ ، کرنل شیر کلے، شیوہ ، کالو خان ، یار حسین ، ڈاگئی ، شاہ منصور ، پنج پیر اور دیگر علاقوں میں الگ الگ انتخابی اجتماعات سے خطاب کر تے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل اقتدار میں آکر نظام شریعت کے عملی نفاذ کے علاوہ آئین پاکستان کی اسلامی دفعات کا تحفظ ،تعلیم و روزگار کی فراہمی ، آزاد خارجہ پالیسی ، نئے ڈیموں کی تعمیر اور بجلی کی منصفانہ تقسیم، یکساں نظام تعلیم اور تعلیمی بجٹ میں اضافہ، امراض قلب کینسر اور تب دق سمیت پانچ مہلک بیماریوں کا مفت علاج کو یقینی بنائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چھوٹی صنعتوں کا فروغ اور کسان مزدور کے لئے سود مند پالیسیوں کا اجراء اور قومی صنعتوں کی بحالی، بے زمین کسانوں کو بلا معاوضہ زمین ، بلا سود زرعی قرضوں ، بیچ کھاد اور زرعی ادویات کے سستے داموں فراہمی ، تعلیم ، روزگار ، کھیل اور پالیسی سازی میں نوجوانوں کے لئے اعتماد افزا اقدامات ، اسلام اور آئین کی روشنی میں خواتین کی ترقی کے لئے تعلیم و روزگار کے میدان میں انقلابی سکیموں کا اجراء،ملکی ترقی میں بیرون ملک پاکستانیوں کی شرکت ، حوصلہ افزائی اور اندرون ملک ان کے اثاثوں کا تحفظ،اقلیتوں کی جان و مال ، عبادت گاہوں کا مکمل تحفظ اور تعلیم و روزگار اور شہری حقوق کی ضمانت فراہم کرئے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام پچیس جولائی کو ایم ایم اے کے انتخابی نشان کتاب کے آگے مہر لگا کر ایک بار پھر اسلام دوستی کا ثبوت دیں آنے والا دور ایم ایم اے کا ہے عوام دھڑا دھڑ ایم ایم اے میں شامل ہو رہے ہیں۔