دشمن عناصر کو صرف متحد ہو کر شکست دی جاسکتی ہے، نگران وزیر قانون

پرامن انتخابات کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا‘ عوام کیلئے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی پر توجہ دینا ہوگی‘ دنیا میں ترقیاتی بجٹ کا 25 فیصد پانی پر استعمال ہوتا ہے،بیرسٹر سید علی ظفر کا ہائیکورٹ بار کی تقریب سے خطاب

منگل 17 جولائی 2018 15:35

دشمن عناصر کو صرف متحد ہو کر شکست دی جاسکتی ہے، نگران وزیر قانون
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2018ء) نگران وزیر قانون بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ دشمن عناصر کو صرف متحد ہو کر شکست دی جاسکتی ہے‘ پرامن انتخابات کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا‘ عوام کے لئے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی پر توجہ دینا ہوگی‘ دنیا میں ترقیاتی بجٹ کا 25 فیصد پانی پر استعمال ہوتا ہے۔ منگل کو بیرسٹر سید علی ظفر نے ہائیکورٹ بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی اور اندرونی غیر ریاستی عناصر انتخابی عمل کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ریاست دشمن عناصر کو صرف متحد ہو کر شکست دی جاسکتی ہے۔ ریاست دشمن عناصر کے عزائم کے خلاف حکومت کے ساتھ تعاون ضروری ہے۔ پرامن انتخابات کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عمل درآمد کرایا جائے گا۔ الیکشن پچیس جولائی کو ہی ہوں گے۔ طویل المدتی فیصلے نہیں کرسکتے جبکہ گائیڈ لائن چھوڑ کر جائیںگے۔ دنیا میں ترقیاتی بجٹ کا پچیس فیصد پانی پر استعمال ہوتا ہے۔ پاکستان میں ترقیاتی بجٹ کا صرف پانچ فیصد پانی کے لئے مختص کیا جاتا ہے۔ عوام کے لئے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی پر توجہ دینا ہوگی۔