جولائی کے عام انتخابات کے روز تمام ووٹرز کے ووٹ ڈالنے کیلئے اصل قومی شناختی کارڈ دکھانا لازمی قرار دے دیا گیا

جمعرات 19 جولائی 2018 18:05

جولائی کے عام انتخابات کے روز تمام ووٹرز کے ووٹ ڈالنے کیلئے اصل قومی ..
فیصل آباد۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) 25جولائی بروز بدھ کو ملک بھر میں منعقد ہونے والے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے روز تمام ووٹرز کے ووٹ ڈالنے کیلئے اصل قومی شناختی کارڈ دکھانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے بغیر ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کر سکیں گے اس لئے ووٹرز کو چاہیے کہ جب وہ اپنا وو ٹ کاسٹ کرنے کیلئے پولنگ سٹیشنوں پر جائیں تو اپنا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ ضرور ہمراہ لے کر جائیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

الیکشن کمیشن فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایا کہ بیلٹ پیپر کے کائونٹر فائل پر متعلقہ ووٹر کا شناختی کارڈ نمبر درج کئے بغیر اسے بیلٹ پیپر جاری نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے’’ اے پی پی ‘‘کو بتا یا کہ کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹیں انتہائی احتیاط سے مرتب کی گئی ہیں اور پولنگ سٹاف کے پاس موجود ان ووٹر لسٹوں میں متعلقہ ووٹر کی تصویر بھی پرنٹ کی گئی ہے۔

انہوںنے بتا یا کہ گزشتہ انتخابات کے مقررہ ٹائم کے برعکس شدید گرمی اور حبس کے باعث ان انتخابات میں پولنگ کا ٹائم بھی ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا ہے لہٰذا اب ووٹر صبح 8بجے سے شام 6بجے تک اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔انہوںنے ووٹر ز سے بھی اپیل کی کہ وہ وقت مقررہ کے اختتام کا انتظار کئے بغیر جلد سے جلد پولنگ سٹیشنوں پر پہنچیں تاکہ بروقت ووٹ کاسٹ کرنے کی صورت میں انتخابی عملہ کو کائونٹنگ میں بھی کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔