چمن دھماکہ ، دھماکے کے بعد عینی شاہدین کا بیان بھی آ گیا

دھماکے کے وقت مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی جا رہی تھی۔ عینی شاہدین

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 20 جولائی 2018 13:44

چمن دھماکہ ،  دھماکے کے بعد عینی شاہدین کا بیان بھی آ گیا
چمن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جولائی 2018ء) : چمن کی معروف شاہراہ مال روڈ پر دھماکہ ہوا۔ دھماکے میں ابتدائی طور پر چار افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جنہیں طبی امداد کے لیےاسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ سڑک کنارے کھڑی موٹرسائیکل میں نصب مواد کی وجہ سے ہوا۔ دھماکے میں پٹرولنگ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکے کے وقت آس پاس کی مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی جا رہی تھی۔

دھماکے کے بعد قریبی دکانوں کو آگ لگ گئی اور جائے وقوعہ سے دھوئیں کے کالے بادل اُٹھ رہے ہیں۔ عینی شاہد نے مزید بتایا کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور تک سنائی دی اور آس پاس کھڑی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی اس دھماکے کی زد میں آ گئیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق چمن کی شاہراہ مال روڈ پر زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے۔

امدادی ٹیموں کو بھی جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کمے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔ دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ دھماکے میں ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ ریسکیو حکام نے زخمیوں کو طبی امداد دینے اور انہیں اسپتال منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔قریبی اسپتالوں میں طبی عملے کی چھُٹیاں منسوخ کر کے انہیں فوری طور پر طلب کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ دھماکہ سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل کئے ذریعے ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے کیا گیا اور دھماکے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کرنے اور دھماکے کی جگہ کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔سکیورٹی اداروں نے چمن کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی سخت کر دی ہے جبکہ جائے وقوعہ کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔