نگران حکومتیں صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گی ،

تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے،نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نگران اوروزیر اعلیٰ پنجاب پروفیسرحسن عسکری کا عزم

ہفتہ 21 جولائی 2018 17:03

نگران حکومتیں صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی ..
کوئٹہ ۔21جولا ئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری اور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب پروفیسرحسن عسکری کے درمیان یہاں ہونے والی ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ نگران حکومتیں صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گی اور تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے، نگران حکومتوں کی غیرجانبداری پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے جبکہ دونوں وزراء اعلیٰ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے منفی پروپیگنڈہ کو خاطر میں لائے بغیر آزادانہ طور پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔

اس موقع پر نگران حکومتوں کو حاصل مینڈیٹ کے مطابق انتخابات کے انعقاد سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، نگران وزراء اعلیٰ نے کے پی کے اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن قوتیں انتخابات کے پرامن ماحول میں انعقاد کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہی ہیں تاہم سیکورٹی ادارے مستعد رہتے ہوئے منفی قوتیوں کے مزموم عزائم کو ناکام بنارہے ہیں اور ملک بھر میں پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی توجہ کوئٹہ میں حکومت پنجاب کی جانب سے امراض قلب کے ادارے کے قیام کی منصوبے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے یہ منصوبہ تعطل کا شکار ہے جس پرفوری عملدرآمد کی آغاز کی ضرورت ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس حوالے سے یقین دلایا کہ وہ کوشش کریں گے کہ منصوبے پر جلد کام شروع کروایا جائے اس حوالے سے وہ محکمہ صحت پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم کے حصول کے مواقعوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

نگران صوبائی وزیر پنجاب ضیا ایچ رضوی ، نگران صوبائی وزراء بلوچستان امام بخش بلوچ،سلام خان اور چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی بھی ملاقات میں موجود تھے۔بعدازاں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعزاز میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ظہرانہ کا اہتمام کیا۔