ایم ایم اے خیبرپختونخوا میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ جائے گی،مولانا فضل الرحمان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 22 جولائی 2018 19:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل (ایم ایم ای) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عوام ایک بار پھر متحدہ مجلس عمل کو چاہتی ہے، 2002ء میں ایم ایم اے کی حکومت کا تجربہ کامیاب رہا، لگ رہا ہے کہ ایم ایم اے خیبرپختونخوا میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ جائے گی۔

(جاری ہے)

ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر اتحاد میں چھوٹی بڑی جماعتیں ہوتی ہیں اور ہم نے ایک اصول طے کیا ہے کہ پالیسیاں برابری کی بنیاد پر طے کریں گے اور نمائندگی اکثریت اور صوبوں کی بنیاد پر ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2002ء میں جب ہم الیکشن لڑ رہے تھے تو اس وقت بھی جس جماعت کو جو کوٹہ ملا اس کوٹے کے اندر رہتے ہوئے ایڈجسٹمنٹ کی اجازت دی گئی تھی جو آج بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب کی ایک ضرورت ہوتی ہے تاکہ سیٹوں کو محفوظ کیا جا سکے۔