ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کا کیمپ اُکھاڑ دیا گیا

پولیس نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان تحریک انصاف کا کیمپ اُکھاڑا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 25 جولائی 2018 09:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جولائی 2018ء) : انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کا انتخابی کیمپ اُکھاڑ دیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصل آباد کے حلقہ این اے 110 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کا کیمپ اُکھاڑ دیا گیا۔ پولیس نے شکایت موصول ہونے پر کارروائی کی۔ واضح رہے کہ فیصل آباد کے حلقہ این اے 110 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے اُمیدوار رانا محمد افضل خان اور پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار راجہ ریاض احمد مد مقابل ہیں۔

عام انتخابات 2018ء کے تحت آج ملک بھر میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ملک بھر سے آج 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔ مقررہ وقت کے ختم ہونے پر پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود ووٹرز کو اپنا ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

نتخابات کے لیے دو لاکھ 44 ہزار 687 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

پولنگ کا سامان ایک روز قبل ہی اسٹیشنز پر پہنچا دیا گیا تھا۔ عام انتخابات کے پیش نظر ملک بھر کے پولنگ اسٹیشنز میں سکیورٹی کے بھی خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔ انتخابات میں مجموعی طور پر 16 لاکھ کا عملہ فرائض انجام دے رہا ہے۔ فوج کے تین لاکھ 71 ہزار اور پولیس کے چار لاکھ 49 ہزار 465 اہلکارسکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔عام انتخابات 2018 میں ملک بھر کے 20 ہزار 789 پولنگ اسٹیشنزکو حساس قراردیا گیا ہے۔

ملک میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر سکیورٹی اہلکار تعینات جبکہ نگرانی کے لیے کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عام انتخابات 2018ء کو ملکی تاریخ کا مہنگا ترین الیکشن قرار دیا جا رہا ہے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے 2018 کے انتخابات پر اخراجات کے لیے 21 ارب روپے کا خطیر بجٹ مختص کیا گیا ۔ الیکشن کے دوران بیلٹ پیپرزاور دیگر اخراجات کی مد میں فی ووٹر 198 روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔