مولانافضل الرحمن نے عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں پر اطمینا ن کا اظہار

پارلیمنٹ کو تبدیل کرنا ہے تو اس کی قدرو قیمت کا اندازہ لگائیں، اس کے معیار کو پرکھیں ،ْووٹ کاسٹ کر نے کے بعد گفتگو

بدھ 25 جولائی 2018 14:33

مولانافضل الرحمن نے عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے کی جانے ..
ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانافضل الرحمن نے عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں پر اطمینا ن کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پارلیمنٹ کو تبدیل کرنا ہے تو اس کی قدرو قیمت کا اندازہ لگائیں، اس کے معیار کو پرکھیں ۔متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں حلقہ این اے 238 میں ہائیر سکینڈری سکول عبدالخیل میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔

اس موقع پر ان کے ساتھ متحدہ مجلس عمل کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ ایک امانت ہے اور امانت کی ادائیگی بہت ضروری ہے ، وہ تو ہمیشہ الیکشن مہم کے دوران یہی عوام سے کہتے رہے ہیں کہ آپ کے اس ووٹ نے ملک میں تبدیلی لانی ہے، اقتدار کو تبدیل کرنا ہے، پارلیمنٹ کو تبدیل کرنا ہے تو اس کی قدرو قیمت کا اندازہ لگائیں، اس کے معیار کو پرکھیں اور فیصلہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک بڑی جماعت کے قائد کے جیل میں ہونے اور اس وقت انتخابات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس پر تو ہمیں بھی تحفظات ہیں کہ ایسے موقع پر ملک کی ایک قیادت کو جیل میں بھیجنا شاید یہ اس ماحول کی مناسبت سے صحیح نہیں تھا تاہم عدالت کے فیصلے ہیں اس میں ہم مداخلت نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ سب سے اچھا پہلو اس قیادت کا یہ ہے کہ اس نے الیکشن میں مکمل طور پر حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ووٹروں کو نکلنے کا فیصلہ کیا ہے ووٹ کو عزت دینے کی بات کی ہے تو اس اعتبار سے میں یہ سمجھتا ہوں کہ انہوں نے کوئی جذباتیت کا ظہار نہیں کیا بلکہ ملک کے اس جمہوری عمل میں برابر کے شریک ہو رہے ہیں۔مولانافضل الرحمن نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تیاریوں پر اطمینان ہے ۔