وزیراعظم نے پاکستان ٹیلی ویژن میں انگریزی چینل ’’پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل ‘‘ کا افتتاح

بدھ 17 ستمبر 2025 11:35

وزیراعظم نے پاکستان ٹیلی ویژن میں انگریزی چینل ’’پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان ٹیلی ویژن میں قائم کردہ انگریزی چینل ’’پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل ‘‘کا افتتاح کردیا۔بدھ کووزیراعظم نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے قیام کی تختی کی نقاب کشائی کی اور ڈیجیٹل چینل کی باقاعدہ نشریات کے آغاز کا افتتاح بھی کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاللہ تارڑ اوروفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان سمیت اعلی ٰحکام بھی موجود تھے۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے نئے قائم کردہ ٹی وی چینل کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور وہاں کام کرنے والے نوجوانوں سے بات چیت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی بیانیے کی جنگ میں ا ن کا کردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل چینل کے آغاز کا بنیادی مقصد مسلسل حقیقی خبریں فراہم کرتے ہوئے پاکستان کے بارے میں ہونے والی غلط بیانی اور پروپیگنڈے کا موثر جواب دینا ہے۔ وزیر اعظم نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کی نشریات کے لیے اپنا پہلا انٹرویو بھی ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے وزیر اعظم کو پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے اغراض و مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل عالمی ناظرین کو پاکستان کے لیے ایک فعال اور مستند آواز فراہم کرنے، معلومات کےتضادکو ختم کرنے اور عوامی سفارت کاری کے لیے انگریزی زبان کے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔اس پلیٹ فارم کا سٹریٹجک مقصد پاکستان کی جانب سے دنیا سے بات کرنا اور سب سے پہلے اپنی خبر پہنچانا ہے، یہ چینل بین الاقوامی امور، ثقافتی تنوع اور اقتصادی ترقی سمیت اہم امورپرپاکستانی نقطہ نظرکو اجاگرکرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ چینل اندرون ملک رپورٹنگ کو مربوط جبکہ فری لانسرز کے ایک عالمی نیٹ ورک اور رائٹرز اور ایسوسی ایٹڈ پریس جیسی معروف وائر سروسز کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے بروقت ، تصدیق شدہ اور اعلیٰ معیار کی کوریج کو یقینی بنائےگا۔ انہوں نے کہا کہ مغرب و بھارت کے زیر اثر علاقائی میڈیا میں جاری یک طرفہ بیانیے کا توڑ کیا جائے گا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل ٹی وی پاکستانی زاویے سے خبریں پہنچانے کے حوالے سے بڑا مرکز ہے۔\932