جولائی کو پی بی 31کے پولنگ سٹیشن پر خودکش دھماکے سے کئی ووٹرز حق رائے دہی استعمال نہیں کرسکے ،

15پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کرایاجائے ، سردار زین العابدین

ہفتہ 28 جولائی 2018 19:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے این اے 266کے امیدوار سردار زین العابدین اور پارٹی کے حلقہ پی بی 31سے امیدوار عطاء محمد بلوچ نے کہاہے کہ بھوسہ منڈی کے قریب 25جولائی کو حلقہ پی بی 31کے پولنگ اسٹیشن پر خودکش دھماکہ ہوا جس سے کئی ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کرسکے ،اس لئے ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس حلقے کے 15پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کرائے ،ہم الیکشن کمیشن کو 24گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہیں ورنہ ہم الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے دھرنا دیں گے ،جس کی تمام تر ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوگی ،انہوں نے یہ بات ہفتے کے روز کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،انہوں نے کہاکہ سانحہ بھوسہ منڈی میں جو افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں ابھی تک انکے بارے میں حکومت اور میری پارٹی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت نے نہ کوئی مدد اور نہ ہی کوئی تعزیت کی ہے جو افسوس ناک بات ہے ،سردار زین العابدین نے کہاکہ اس سانحے میں میرے قریبی رشتہ دار عیسی محمد ،سمیع اللہ ،رشید ،خلیل ،حسن خان ،بی بی نورہ ،حاجی محبوب خان اچکزئی شہید ہوگئے ہیں ،مگر افسوس حکومت کی جانب سے شہید اور زخمی ہونیوالوں کیلئے کسی مالی امداد کا اعلان نہیں کیا گیا جو افسوسناک بات ہے ،انہوں نے کہاکہ جب خودکش حملہ ہوا تھا اس کے بعد بہت سے ووٹرز خوف کی وجہ سے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کرسکے اور واپس چلے گئے ،اور 15پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹروں نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا ہمارا مطالبہ ہے کہ اس حلقے کے 15پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ الیکشن کرائے جائے ورنہ ہم چیف الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے بھوک ہڑتال اور دھرنا دینے پرمجبور ہوجائیں گے ۔