Live Updates

لاہور کا ماسٹر پلان اپ ڈیٹ کرنے کے لئے ایل ڈی اے انجینئرنگ یونیورسٹی میں ورکشاپ منعقدکرے گا

شعبہ سٹی اینڈ ریجنل پلاننگ کے اساتذہ اور ماہرین کے علم و تجربے سے استفادہ کیا جائے گا‘ڈی جی آمنہ عمران خان کی ہدایت پر انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد کے ساتھ ایل ڈی اے افسران کی ملاقات

ہفتہ 28 جولائی 2018 19:57

لاہور کا ماسٹر پلان اپ ڈیٹ کرنے کے لئے ایل ڈی اے انجینئرنگ یونیورسٹی ..
ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2018ء) لاہور ڈویژن میں شامل چار اضلاع کی تین کروڑ سے زیادہ آبادی کو بنیادی سہولتیں مہیا کرنے کے لئے لاہور کے ماسٹر پلان کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق اپ ڈیٹ کرنے کی خاطر انجینئرنگ یونیورسٹی اور بالخصوص اس کے شعبہ سٹی اینڈ ریجنل پلاننگ کے اساتذہ اور ماہرین ایل ڈی اے سے ہر ممکن تعاون کریں گے - اس مقصد کے لئے آئندہ ہفتے انجینئرنگ یونیورسٹی میں ورکشاپ منعقد کی جائے گی ۔

یہ فیصلہ گزشتہ روز انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد سے ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان کی ہدایت پر ملاقات کے لئے آنے والے ایل ڈی اے افسران کے وفدکے ساتھ بات چیت کے دوران کیا گیا -اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف آرکیٹیکچر اینڈ ٹائون پلاننگ ڈاکٹر غلام عباس انجم‘ مینجنگ ڈائریکٹر واسا سید زاہد عزیز ‘ چیف میٹرو پولیٹن پلانر ایل ڈی اے شکیل انجم منہاس ‘چیف ٹائون پلانر ایل ڈی اے سید ندیم اختر زیدی اور چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہر حسین خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیف میٹرو پولیٹن پلانر ایل ڈی اے شکیل انجم منہاس نے وائس چانسلر کو بتایا کہ ضلع لاہور کا موجودہ ماسٹر پلان 2004ء میں تیار کیا گیا تھا جو 2021ء تک نافذ العمل ہے -ایل ڈی اے کی حدود کی لاہور ڈویژن تک توسیع کے بعد ماسٹر پلان کی تجدید کی ضرورت ہے -وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا ہے کہ لاہور ڈویژن کے ماسٹر پلان کو مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور شہر کی تعمیر و ترقی کے نئے منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں ان کی یونیورسٹی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور واسا کو ضروری معاونت مہیا کرے گی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات