عبدالقادرگیلانی اورعلی موسیٰ گیلانی کا دوبارہ گنتی کابائیکاٹ

دوبارہ گنتی میں میرے ووٹ بڑھ گئے تھے ،زین قریشی

اتوار 29 جولائی 2018 21:10

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدواروں سید عبدالقادرگیلانی اورسیدعلی موسیٰ گیلانی نے حلقہ این اے 156اوراین اے 157کابائیکاٹ کردیا ۔پیپلزپارٹی کے ان دونوں امیدواروں کے بائیکاٹ کے بعد این اے 154 اور این اے 157 کی گنتی کا عمل روک دیا گیا۔ عبدالقادر گیلانی اور علی موسی گیلانی نے دونوں حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی۔

این اے 154 سے پی ٹی آئی امیدوار احمد حسین دیہڑ اور این اے 157 سے شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی کامیاب ہوئے تھے۔اتوارکے روز جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سیدعبدالقادرگیلانی نے کہاکہ میں گنتی کے دوران بار بار کائونٹرفائل چیک کرانے کاکہتا رہاجومجھے نہیں کرائے گئے ،عبدالقادر گیلانی نے کہاکہ میں آج اس گنتی کے عمل کے بائیکاٹ کا اعلان کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

اس موقع پراین 157سے پی ٹی آئی کے امیدوار زین قریشی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ کل 23 بیگ کھلے تھے۔ الیکشن کمیشن کی ڈیڈ لائن آچکی ہے کہ آج رات تک دوبارہ گنتی کا عمل مکمل کیا جائیگا۔انہوںنے کہاکہ کل علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ آج وہ دوبارہ ووٹوں کی گنتی میں شامل ہوں گے ۔ آج 60 بیگز کھلنا تھے۔ ہم صبح سے یہاں موجود ہیں۔ 60 بیگز میں سے تیس بیگز کھل چکے ہیں۔ان تیس بیگز میں پی ٹی آئی کا ووٹ دو سو بڑھ گیا ہے۔ہم نہیں چاہتے تھے کہ کوئی کہے حلقے نہیں کھلے۔زین قریشی نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ میری لیڈ میں اضافہ ہو گااوریہ کل بھی سیٹ ہماری تھی آج بھی ہماری ہے۔مخدوم زین قریشی نے کہاکہ جب میرے ووٹ بڑھتے ہوئے دکھائی دیئے توعبدالقادرگیلانی نے بائیکاٹ کااعلان کردیا۔