کرس گیل ،شاہد آفرید ی کا ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گئے

ویسٹ انڈین اوپنر اگلے مقابلے میں تاریخ رقم کرسکتے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 30 جولائی 2018 15:52

کرس گیل ،شاہد آفرید ی کا ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30جولائی 2018 ء) ویسٹ انڈیزکرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز کرس گیل بنگلادیش کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 5 چھکوں کی بارش کر کے انٹرنیشنل کرکٹ میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ویسٹ انڈیزکے بیٹسمین کرس گیل نے 66گندوں پر 73 رنز بنا کر پاکستان کے سپر سٹار کھلاڑی شاہد خان آفریدی کے برابر ریکارڈ قائم کرلیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں اب تک سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ آفریدی کے نام تھا جبکہ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ان کے برابر پہنچ گئے ہیں اور متوقع ہے کہ وہ مستقبل میں آفریدی کا یہ ریکارڈ توڑ بھی سکتے ہیں۔ شاہد آفریدی اور کرس گیل نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 476 چھکے لگا کریہ ریکارڈ اپنے نام کیا ہے، ویسٹ انڈیزکے کرس گیل نے یہ ریکارڈ 443 میچز کھیل کر پورا کیا ہے جب کہ شاہد آفریدی 524 میچوں میں یہ ریکارڈ بنا پائے ہیں۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیزنے بنگلادیش کے خلاف کھیلے جانے والے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں مقابلہ 1-2سے جیت لیا ہے۔پاکستان کے شاہد آفریدی کا ون ڈے انٹرنیشنل میں 351 ، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 73 اور ٹیسٹ میچز میں 52 چھکوں کا ریکارڈ ہے، دوسری جانب کرس گیل کا ون ڈے انٹرنیشنل میں275، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 103 اور 98 چھکے ٹیسٹ میچ میں لگانے کا ریکارڈ بنایا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اور وکٹ کیپربلے باز برینڈن میکولم 474میچز میں 398چھکے لگا کر تیسرے، سابق سری لنکن کپتان سنتھ جے سوریا586میچز میں 352چھکے رسید کر کے چوتھے اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز اور سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی 504 میچز کے دوران 342 چھکے لگا کر پانچویں نمبر پر ہیں۔