امسال بھی یوم شہداء پولیس کو شایان شان طریقے سے منایا جائیگا

آئی جی خیبرپختونخوا نے 4اگست کو یوم شہدا پولیس کے طور پر منانے کے لیے تمام پروگراموں کی ختمی منظوری دے دی

پیر 30 جولائی 2018 19:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا محمد طاہر نے 4اگست کو یوم شہدا پولیس کے طور پر منانے کے لیے تمام پروگراموں کی ختمی منظوری دے دی ہے۔ یوم شہداء پولیس کے تقریبات کے مختلف انتظامی اٴْمور کے لیے مرکزی کمیٹی کا اجلاس سنٹرل پولیس آفس پشاور میں زیرصدارت آئی جی پی محمد طاہر منعقد ہوا۔

اجلاس میں اعلیٰ رینک کے سینئر پولیس حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ذیلی کمیٹیوں کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اس سال یوم شہدائے پولیس کی تقریبات کا آغاز 31جولائی سے ہو جائے گا۔ پشاور سمیت تمام ریجنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میںتقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ یوم شہدا پولیس کے حوالے سے ہر ریجن کی سطح پر تقاریب منعقد ہونگے۔

(جاری ہے)

جن میں متعلقہ ریجن کے شہداء کے ورثاء کو مدعو کیا جائیگا۔

پشاور شہر اور تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز کے شہروں میں زیادہ سے زیادہ مقامات پر شہدا کیمپ لگائے جائیں گے۔ جہاں شہدا کی تصاویر کے پورٹریٹ آویزاں کئے جائیں گے۔ شہداء کیمپ کا دورہ کرنے والی شخصیات اور عوام میں شہداء پولیس کے بارے میں بروشرزتقسیم کئے جائیں گے۔ علاقے کی نمایاں شخصیات اور تعلیمی/کاروباری/صنعتی اداروں اور این جی اوز کے وفود کو کیمپ کے دورے کی دعوت دی جائے گی۔

اور ان دوروں کے میڈیا کوریج کا اہتمام کیا جائے گا۔ تمام کیمپوں کی سیکیورٹی اور حفاظت کا معقول بندوبست کیا جائے گا۔ شہدا کے بارے میں دستیاب ڈاکومینٹری/ویڈیو/فلم /ترانے وغیرہ کا بھی کیمپ میں اہتمام کیا جائے گا۔ اسی طرح شہر کے اہم مقامات پر بل بورڈز اور بینرزآویزاں کئے جائیں گے۔ جن پر شہدا کے نام اور تصاویر درج ہوں گی۔تقریری مقابلے ٹرنینگ سکولوں اور پولیس کالج ہنگو میں منعقد کئے جائیں گے۔

ہر ضلع کی پولیس لائن میں بلڈ ڈونرز کیمپ لگائے جائیں گے جس میں سنیئر افسران سمیت ہر رینک کے افسران خون کا عطیہ دیں گے۔ اضلاع کی سطح پر مقامی ادبی اور علمی سوسائیٹیز اور ادبی ٹولنہ کے ساتھ ملکر مشاعروں کا اہتمام کیا جائے گا۔ سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کے ساتھ ملکر امن واک نکالے جائیں گے۔جن جن اضلاع میں / اداروں میں یادگارشہداء ہیں وہاں رات کو شمع جلائے جائیں گے اور دن کو پھولوں کے ہار اور یادگارشہدائ پر پھول چڑھائے جائیں گے۔

4اگست کوتمام تربیتی اداروں اور پولیس لائنز میں دن کا آغاز صبح سویرے قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔4اگست کی صبح شہدائے پولیس کی قبروں پر سلامی اور پھول چڑھانے کا اہتمام کیا جائے گا۔ 3اگست کو مقامی علمائے کرام یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے اپنے خطبوں میں اسلام کے فلسفہ شہادت اور پولیس کی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے۔ 4اگست کی صبح ہر ضلع کے پولیس لائن میں شہدائے پولیس کی یاد میں سپیشل پریڈ کا اہتمام کیا جائے گا جس میں تمام افسران شرکت کریں گے جبکہ آر پی او/ڈی پی او خود پریڈ کا ملاحظہ کریں گے۔ 4اگست کی شام نماز مغرب کے فوراً بعد ہر ضلع میں یوم شہدائے پولیس کی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس سلسلے کی مرکزی تقریب نشتر ہال میں ہو گی۔