لاہور،موٹرسائیکل چور گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی چوری شدہ15موٹر سائیکلیں اور رکشہ برآمد

پیر 30 جولائی 2018 22:46

لاہور،موٹرسائیکل چور گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جولائی2018ء) اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹائون نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث صابی موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ کو1ساتھی سمیت گرفتار کر کے انکے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی چوری شدہ15موٹر سائیکلیں اور 1عدد آٹورکشہ برآمد کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے کاروموٹر سائیکل چو ری کے نیٹ ورکس کو توڑنے اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے کیلئے اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف کو خصوصی ہدایات جاری کیں ۔

جس پر ایس پی AVLS عاطف حیات نے اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف کی مختلف پولیس ٹیمیں تشکیل دے کرانہیں ان وارداتوں میں ملوث ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ ڈی ایس پی اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف ماڈلٹائون سلیم مختار بٹ کی سر براہی میں اینٹی موٹر سائیکل لفٹنگ سٹاف ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبدالغفور، اے ایس آئی بشارت علی، اللہ دتہ اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے شب وروز کی محنت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث صابی موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ دتہ مسیح عرف صابی اور اس کی1 ساتھی روبن مسیح کو گرفتار کرکے انکے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی15موٹر سائیکلیں، 1عدد آٹورکشہ اورماسٹرKEY برآمدکی ہیں ۔

(جاری ہے)

ملزمان اپنے طریقہ واردات میں مارکیٹوں، پارکنگ اسٹینڈز اور پلازوں کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کو ماسٹر کیِ کے ذریعے کھول کر فرار ہو جاتے تھے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں متعدد بار جیل جا چکے ہیں۔ دوران تفتیش ملزموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں موٹرسائیکل چوری کی درجنوں مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن اویس احمد ملک نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزموں کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لیے سر ٹیفکیٹس کا اعلان کیا ہے۔