امجد صابری کے قاتل عارش کی سزا معطل کردی گئی

عارش کی والدہ کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں سزائے موت کی معطلی کی درخواست کی گئی تھی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 2 اگست 2018 23:44

امجد صابری کے قاتل عارش کی سزا معطل کردی گئی
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 02اگست 2018ء) :معروف قوال امجد صابری شہید کے قاتل عارش کی سزا معطل کردی گئی۔ عارش کی والدہ کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں سزائے موت کی معطلی کی درخواست کی گئی تھی۔تفصیلات کے مطابق معروف قوال امجد صابری کے قتل کے الزام میں عارش نامی نوجوان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم سرگودھا کا رہائشی تھا۔اس کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا گیا تھا۔

فوجی عدالت نے مقدمے کی کاروائی مکمل ہونے کے بعد شواہد کی موجودگی میں ملزم کوسزائے موت سنائی تھی۔تاہم اس کے بعد ملزم عارش کی والدہ نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ عارش کی سزا کو معطل کیا جائے۔ عارش کی والدہ کی جانب سے دی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کے بیٹے کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا ۔

(جاری ہے)

ملزم کی والدہ کی جانب سے دی گئی درخواست میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ اسے صفائی کا موقع بھی نہیں دیا گیا۔پشاور ہائیکورٹ میں اس درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کی سزائے موت کا فیصلہ معطل کر دیا۔بعد ازاں کیس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔یاد رہے کہ 22جون 2016 کو معروف قوال امجد صابری کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ نجی ٹی وی میں رمضان نشریات کی ریکارڈنگ کے سلسلے میں جارہے تھے۔اس موقع پر موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔ انہیں لیاقت آباد دس نمبر فلائی اوور کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے انھیں نشانہ بنایا۔