روسی نائب وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈرروی فومین کی روس پاکستان مشترکہ مشاورتی ملٹری کمیٹی کے اجلاس میں شرکت، وزیر دفاع اور سیکرٹری دفاع سے ملاقاتیں کیں

منگل 7 اگست 2018 22:57

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2018ء) پاکستان کے سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیرالحسن شاہ کی دعوت پر روسی فیڈریشن کے نائب وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈرروی فومین وفد کے ہمراہ 6 سے 7 اگست تک پاکستان کا دورہ کیا اور روس پاکستان مشترکہ مشاورتی ملٹری کمیٹی کے اجلاس کے پہلے سیشن میں شرکت کی جو منگل کو وزارت دفاع راولپنڈی میں ہوا۔

اپنے دورہ کے دوران معزز مہمان نے وزیر دفاع اور سیکرٹری دفاع سے بھی ملاقاتیں کیں۔ دونوں اطراف نے دوطرفہ دفاعی تعلقات کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جس کا مقصد باہمی تعاون میں تنوع لانا، اسے وسعت دینا اور مزید مضبوط بناناتھا۔ جوائنٹ ملٹری کنسلٹیٹو کمیٹی (جے ایم سی سی)پاکستان اور روسی فیڈریشن کے درمیان دفاعی اشتراک کار کا اعلیٰ سطحی فورم ہے۔

(جاری ہے)

جے ایم سی سی کے افتتاحی سیشن کے دوران دونوں اطراف نے مشرق وسطیٰ اور افغانستان میں صورتحال سمیت اہم بین الاقوامی امور اور دوطرفہ معاملات بارے تبادلہ خیال کیا۔ سیشن کے دوران تمام امور کا جامع جائزہ لیا گیا جس کے دوران دونوں اطراف نے 2014ء میں دفاعی تعاون میں حاصل ہونے والے سنگ میل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے مستقبل میں تعاون کی نئی راہوں اور امکانات بارے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ آخر میں دونوں ممالک نے روسی فیڈریشن کے تربیتی اداروں میں پاکستانی سروسز کے داخلوں بارے معاہدہ پر بھی دستخط کیے ۔