حکومت گندم مصنوعات کی ایکسپورٹ کیلئے لانگ ٹرم پالیسی کا اعلان کرے‘پاکستان فلو ر ملز ایسوسی ایشن

نئی حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے معاشی ماہرین کی خدمات حاصل کرے،فاضل گندم سے زرمبادلہ کمائے ‘رہنما

اتوار 12 اگست 2018 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے رہنما عاصم رضا ، چیئرمین پنجاب لیاقت علی خان ، سابق چیئرمین میاں ریاض احمد و چوہدری افتخار احمد مٹو نے کہا ہے کہ نئی حکومت گندم مصنوعات کی ایکسپورٹ کیلئے لانگ ٹرم پالیسی کا اعلان کرے ،اورملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے معاشی ماہرین کی خدمات حاصل کرے ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے مشترکہ بیان میں کہی ۔عاصم رضا نے کہاکہ اس وقت ملک معاشی و اقتصادی بحرانوں سمیت بھاری بھرکم قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ ہماری ایکسپورٹ 18 سی19بلین کے درمیان ہے جبکہ غیر ضروری درآمدات کی وجہ سے ہماری امپورٹ 60 بلین کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکی ہے ۔ ہمیں سالانہ اربوں ڈالر مالیاتی خسارے کا سامنا ہے جس میں کمی لانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہونگے۔

(جاری ہے)

ان حالات میں نئی حکومت کو چاہیے کہ وہ ملک میں پڑی لاکھوں ٹن فاضل گندم کو ویلیو ایڈیشن کے ذریعے ایکسپورٹ کرنے کیلئے لانگ ٹرم پالیسی کا اعلان کرے ۔اس وقت صرف پنجاب میں 60 سے 65 لاکھ ٹن گندم موجود ہے ، جبکہ 40 لاکھ ٹن گندم ہماری ضرورت سے زائد ہے ۔لیاقت علی خان نے کہاکہ ہم اپنی ایکسپورٹ کو بڑھانے بغیر تجارتی خسارے کو کسی صورت کم نہیں کر سکتے ،لہذا نئی حکومت کو ٹریڈ پالیسیاں بنانے کیلئے معاشی ماہرین کی خدمات حاصل کرنا ہونگی تاکہ فاضل گندم کی ایکسپورٹ کیلئے ملک کیلئے زرمبادلہ کمانے کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کو خوشحال بنایا جا سکے۔

میاں ریاض احمد اور چوہدری افتخار احمد مٹو نے کہاکہ گندم کی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے ایکسپورٹ کرنے سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ ملک میں آئے گا بلکہ ملک میں پچھلے چند سالوں سے بند پڑی انڈسٹری کا پہیہ رواں دواں ہوگا اور مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقعے میسر آسکیں گے۔