ٹھٹھہ میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام مشکلات سے دوچار، عید کے سیزن میں تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر

اتوار 12 اگست 2018 20:01

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2018ء) ٹھٹھہ میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام مشکلات سے دوچار، عید کے سیزن میں تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر۔ تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ گذشتہ کافی عرصہ سے بدستور جاری ہے اور شہر کے رہائشی اور تجارتی علاقوں میں دس تا بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ روزانہ کا معمول بن گیا ہے جبکہ بعض اوقات بجلی مسلسل آٹھ سے دس گھنٹے تک غائب رہتی ہے جس کے باعث عام شہری اور تاجر شدید مشکلات سے دوچار ہیں، بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث رہائشی علاقوں کو واٹر سپلائی کے تالابوں سے پانی کی فراہمی شدید متاثر ہو رہی ہے جبکہ دن رات کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہنے کے باعث شاہی بازار سمیت دیگر تجارتی علاقوں میں کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے اور عیدالاضحیٰ کا سیزن ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ کی وجہ سے دوکانیں رات کو سویرے ہی بند ہوجاتی ہیں۔

(جاری ہے)

تاجروں کا کہنا ہے کہ ہر دو گھنٹے بعد بجلی کئی کئی گھںٹوں کے لیے چلی جاتی ہے، لوڈ شیڈنگ کے باعث سورج ڈھلنے کے بعد خریدار بازاروں کا رخ نہیں کرتے اور بازار میں سناٹا چھا جاتا ہے اس لیے اکثر تاجر اپنی دوکانیں سویرے ہی بند کردیتے ہیں، انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ عید قرباں کے سیزن میں تجارتی علاقوں کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اورغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔#