پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن تاخیرکا شکار،

مسافر سراپا احتجاج، شدید نعرے بازی

پیر 13 اگست 2018 17:00

پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن تاخیرکا شکار،
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) پی آئی اے کا فضائی آپریشن شدید بدنظمی کا شکار ہوگیا، کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز3گھنٹے جبکہ ٹورنٹو کی پرواز12 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔تفصیلات کے مطابق باکمال لوگ لاجواب سروس کے دعویدار ادارے پی آئی اے کا ایک اور کارنامہ سامنے آگیا، کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کی308تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی۔

اس کے علاوہ کوالالمپور سے کراچی آنے والی پرواز بیس گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

کراچی سے ٹورنٹو جانیوالی پرواز پی کی783بارہ گھنٹے گزرنے کے باوجود روانہ نہ ہوسکی، طیارہ کی صبح ساڑھے 3 بجے روانگی متوقع ہے، پروازوں کی روانگی میں تاخیر پر ایئرپورٹ پر مسافروں نے احتجاج کیا اور انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔علاوہ ازیں پیرس سے آنے والی پرواز پی کی750تین دن بعد بھی روانہ نہ ہوسکی، متبادل طیارہ نہ ہونے سی400مسافر3دن سے پیرس میں پھنسے ہوئے ہیں، پی آئی اے کو مسافروں کی ہوٹلنگ پر لاکھوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔دوسری جانب ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے بوئنگ777طیارے میں خرابی ہونے کی وجہ سے آپریشن متاثر ہورہا ہے۔