Live Updates

پاکستان میں جمہوریت نے ایک قدم اور آگے بڑھایا ہے،خالد مقبول صدیقی

پیر 13 اگست 2018 20:53

پاکستان میں جمہوریت نے ایک قدم اور آگے بڑھایا ہے،خالد مقبول صدیقی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت نے ایک قدم اور آگے بڑھایا ہے، جمہوری تسلسل نظر آیا ہے اور دو جمہوری ادوار کی تکمیل کے بعد اقتدار تیسری جمہوری حکومت کو منتقل ہونے جا رہا ہے جو خوش آئند ہے، ہماری خواہش ہے کہ جمہوری صرف ان ایوانوں تک محدود نہ رہے، گلی، محلوں اور کوچوں تک جائے، متحدہ قومی موومنٹ جمہوری تسلسل کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جس میں خاندان نہ بیٹھے ہوں بلکہ کسان کی نمائندگی کسان اور محنت کش کی نمائندگی محنت کش کرے۔ انہوں نے کہا کہ شراکت اقتدار کے معاہدہ کے تحت تحفظات کے باوجود پارلیمنٹ میں عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا اور تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ گڈ گورننس، انتظامی یونٹس کے قیام، نئی مردم شماری اور نئی حلقہ بندیوں پر بات ہوئی اور ہم سے ان مطالبات کو پورا کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم آرٹیکل 140 اے کے تحت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی سازگار انتخابی ماحول نہ ملنے پر تحفظات ہیں لیکن اس کے باوجود جمہوریت اور جمہوری تسلسل کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کے ساتھ پارلیمنٹ کی کمیٹی بھی تشکیل دی جا سکتی ہے تاکہ اپوزیشن سمیت دیگر جماعتوں کے تحفظات کو دور کیا جا سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات