Live Updates

مولانا فضل الرحمان کا این اے 35 بنوں سے ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اس نشست سے 25 جولائی کو اکرم درانی کو شکست دے کر کامیاب ہوئے تھے

muhammad ali محمد علی پیر 13 اگست 2018 19:49

مولانا فضل الرحمان کا این اے 35 بنوں سے ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ
بنوں (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 اگست 2018ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کی چھوڑی گئی این اے 35 بنوں کی نشست سے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ان کی جماعت کی جانب سے ایک بار پھر پارلیمانی سیاست میں لانے کی تیاری کی جارہی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نامزد وزیراعظم عمران خان کی بنوں سے چھوڑی گئی قومی اسمبلی کی نشست این اے 35 سے ضمنی الیکشن لڑیں گے، تاہم اس کا حتمی فیصلہ ایم ایم اے کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

این اے 35 سے تحریک انصاف کے سربراہ اور آئندہ وزیراعظم عمران خان نے سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی کو 25 جولائی کے الیکشن میں تاریخی شکست دی تھی۔ اس حوالے سے اکرم خان درانی نے اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا پارلیمانی سیاست میں اہم کردار رہا ہے اور ان کی اسمبلی میں موجودگی ضروری ہے، اس لیے اگر میں این اے کی سیٹ جیت بھی جاتا تو ان کے لیے سیٹ چھوڑ دیتا۔

 اکرم درانی کا کہنا ہے کہ اب اسی لئے مولانا فضل الرحمان کو این اے 35 کی نشست لانے کا فیصلہ کیا جارہا ہے، تاکہ وہ قومی اسمبلی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات