امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 71 واں یومِ آزادی بڑی دھوم دھام سے منایا

مختلف مقامات پر کیک کاٹے گئے اور پرچم کُشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 14 اگست 2018 15:30

امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 71 واں یومِ آزادی بڑی دھوم دھام سے منایا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اگست 2018ء) متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے پاکستان کا 71 واں جشنِ آزادی بڑے جوش و جذبے سے منایا‘ اس حوالے سے ابو ظہبی‘ دُبئی‘ شارجہ اور دیگر ریاستوں میں مِلی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ آج صبح دُبئی میں پاکستانی قونصلیٹ میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سینکڑوں پاکستانیوں نے شرکت کی۔

جس کے بعد پاکستان کے نگران وزیر اعظم جسٹس (ریٹائرڈ) ناصر الملک کا یومِ آزادی کے حوالے سے خصوصی پیغام پڑھ کر سُنایا گیا۔ اس کے بعد پاکستان کے قونصل جنرل بریگیڈیر (ریٹائرڈ) سید جاوید حسن نے بھی حاضرین سے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ ابو ظہبی میں بھی پرچم کشائی کی تقریب کے دوران پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس کے علاوہ بھی اماراتی مملکت میں پاکستان کمیونٹی کی جانب سے درجنوں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔

(جاری ہے)

جن میں مُلک کے 71 ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹے گئے‘ مِلّی ترانے گائے گئے اور پاکستانی عوام اور ارضِ پاک کی ترقی‘ خوشحالی اور سربلندی کے لیے دُعائیں مانگی گئیں۔ شرکاء نے ان تقریبات میں وطن سے محبت کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان لاکھوں افراد کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ دُنیا بھر میں مقیم پاکستانی اپنے مُلک کے سفیر ہوتے ہیں‘ اُن کا اچھا کردار اُن کے وطن کی نیک نامی کا باعث بنتا ہے ‘ اس لیے پاکستانیوں کو حد درجہ تہذیب اور شفافیت کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ سبز پاسپورٹ کا دُنیا بھر میں احترام اور وقار قائم ہو۔

شرکاء نے 2018ء کے الیکشن کے نتائج کے حوالے سے اس اُمید کا اظہار کیا کہ نئی حکومت کے دور میں پاکستان خوشحالی اور ترقی کے آسمانوں کو چھُوئے گا‘ کرپشن کا خاتمہ ہو گا اور معیشت ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گی‘ جبکہ دہشت گردی کا پُوری طرح قلع قمع ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں روزگار کے سلسلے میں پندرہ لاکھ کے قریب پاکستانی مقیم ہیں۔ اس لحاظ سے امارات میں مقیم غیر مُلکیوں میں پاکستان کا نمبر دُوسرا بنتا ہے۔