کراچی میں امن کی بحالی کے باوجود ناکافی سہولیاتِ عامہ نے اسے ایک بار پھر ناقابل رہائش شہروں کی فہرست میں شامل

جنگ سے تباہ حال ملک شام کے دارالحکومت دمشق کو بدترین شہروں کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 15 اگست 2018 10:59

کراچی میں امن کی بحالی کے باوجود ناکافی سہولیاتِ عامہ نے اسے ایک بار ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 اگست۔2018ء) پاکستان کے تجارتی و کاروباری شہر کراچی میں امن کی بحالی کے باوجود ناکافی سہولیاتِ عامہ نے اسے ایک بار پھر ناقابل رہائش شہروں کی فہرست میں شامل رکھا ہے۔ دی اکانومسٹ کے سالانہ عالمی سروے میں آسٹریا کے شہر ویانا کو دنیاکا سب سے بہترین قابل رہائش شہر قرار دیا گیا ہے جبکہ جنگ سے تباہ حال ملک شام کے دارالحکومت دمشق کو بدترین شہروں کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔

یہ سروے دنیا کے 140 شہروں میں کیا گیا جہاں سیاسی و سماجی استحکام، سیکورٹی، انفرا اسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، تعلیم اور طبی سہولیات سمیت دیگرعوامل اور شہریوں کی رائے کے بعد پوائنٹس کی بنیاد پر درجہ بندی کی گئی۔قابل رہائش شہروں کی فہرست میں ویانا کے بعد بالترتیب میلبرن، اوسکا، کالگیری، سڈنی، وینکوور، ٹوکیو، ٹورنٹو ، کوپن ہیگن اور ایڈیلیڈ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ناقابل رہائش شہروں کی عالمی درجہ بندی میں دمشق، ڈھاکا، لاگوس، کراچی، پورٹ موریسبی، ہرارے، تریپولی، دوالا، الجیئرس اور ڈاکار کو بالترتیب شمار کیا گیا ہے۔دوسری جانب ایک اور رپورٹ میں سنگاپور مسلسل پانچویں بار دنیا کا مہنگا ترین شہر قرار دیا گیا ہے جبکہ سستے ترین شہروں میں کراچی چھٹے نمبر پر ہے۔رہائش اور ضروریات زندگی کے بڑھتے اخراجات کے باوجود جنوبی ایشیائی ممالک کے شہر دنیا کے دیگر ممالک کے شہروں سے اب بھی سستے ہیں۔

اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ سروے کے مطابق دنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست میں پاکستان کا معاشی و کاروباری حب کراچی چھٹے نمبر پر ہے،اس فہرست میں ٹاپ پر جنگ سے تباہ حال شام کا دارالحکومت دمشق ہے جب کہ وینزویلا کا شہر کراکس دوسرے قازقستان کا الماتے تیسرے نمبر پر ہے۔نائیجیریا کا شہر لیگوس چوتھے اور بھارتی شہر بنگلو پانچویں نمبر پر ہے، الجیریا،چنئی،بخاریسٹ،نئی دلی بالترتیب ساتویں،آٹھویں،نویں اور دسویں نمبر ہے۔

دنیا کے مہنگے ترین شہروں کی درجہ بندی میں سنگاپور مسلسل پانچویں بار نمبر ون پر ہے،پیرس دوسرے،زیورخ تیسرے،ہانگ کانگ چوتھے،اوسلو پانچویں، جنیوا چھٹے،سیول ساتویں، کوپن ہیگن آٹھویں،تل ابیب نویں اور سڈنی دسویں نمبر پر ہے۔سروے میں دنیا بھر کے 130 سے زائد ممالک میں 160 کھانے پینے کی اشیاء‘گھروں کے کرائے،ٹرانسپورٹ،یوٹیلٹی بلز،پرائیویٹ اسکولز اور دیگر کے نرخوں کا موازنہ کیا گیا۔