Live Updates

یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے کولمبو کی بندرگاہ پر لنگرانداز پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی شپ’’ کشمیر‘‘ پر پروقاراستقبالیہ کا انعقاد

قریبی دوست عمران خان کا پاکستان کا وزیراعظم بننا قابل فخر ہے ، امید ہے عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی شاہراہ پرگامزن ہوگا سری لنکا کے وزیر وزیرپیٹرولیم ارجنا رانا ٹنگا کا تقریب سے خطاب

بدھ 15 اگست 2018 16:07

یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے کولمبو کی بندرگاہ پر لنگرانداز پاکستان ..
کولمبو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے کولمبو کی بندرگاہ پر لنگرانداز پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی شپ’’ کشمیر‘‘ پرایک پروقاراستقبالیہ کا انعقاد کیا گیا۔سری لنکاء کے وزیرپیٹرولیم ارجنا رانا ٹنگا اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پرسری لنکاء کی بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل ایس ایس رانا سنگے، سری لنکا کی مسلح افواج کے افسران، سفارت کار، پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اورمیڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔

مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پی ایم ایس ایس کشمیرکے مشن کمانڈرکیپٹن اظہرمحمود نے کہاکہ پی ایم ایس ایس کشمیر کا دورہ پاکستان اورسری لنکا کے درمیان سفارتی اوردفاعی تعلقات کا مظہر ہے اوراس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پرتپاک خیرمقدم اورمہمان نوازی پرسری لنکاء کے حکام کا شکریہ اداکیا۔مہمان خصوصی اور سری لنکاء کے وزیرپیٹرولیم ارجنا رانا ٹنگا نے اپنے خطاب میں کہاکہ ان کیلئے یہ بات باعث فخر ہے کہ ان کے قریبی دوست عمران خان پاکستان کے نئے وزیراعظم بننے جارہے ہیں، انہوں نے اس امید کا اظہارکیاکہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی شاہراہ پرگامزن ہوگا اوردونوں ممالک کے درمیان تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچیں گے۔

سری لنکاء میں پاکستان کے قائمقام ہائی کمشنرجانبازخان نے اس موقع پر کہاکہ یہ بات قابل اطمینان ہے کہ پاکستان اورسری لنکاء کے درمیان تمام شعبوں میں روایتی دوطرفہ تعلقات قائم ہیں جو دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کے عزم کی وجہ سے گزشتہ 70 سالوں میں باہمی تعاون سے ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کرلی ہیں۔

قائمقام ہائی کمشنر نے کہاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ یوم آزادی پاکستان پرپی ایم ایس ایس کشمیر پر استقبالیہ کا انعقاد ہمارے لئے باعث فخرہے،انہوں نے پی ایم ایس ایس کشمیر کے کیپٹن اورعملہ کا سری لنکا ء آمد پر خیرمقدم کیا۔بعدازاں مہمان خصوصی ، پی ایم ایس ایس کے کمانڈر، پاکستانی قائمقام ہائی کمشنر اورپاکستان کے دفاعی مشیر نے پاکستان اورسری لنکا کی دوستی کا کیک مل کرکاٹا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات