71ویں جشن آزادی کی خوشی میں منعقدہ آزادی مارچ اختتام پذیر

آزادی مارچ میں 52 جیپ اور 20 مائونٹین بائیکس شریک ، آزادی مارچ پشاور سے مانسہرہ اور پھر مانسہرہ سے ہری پورتک منعقد کی گئی ،شہر شہر پر عوام کا پرتپاک استقبال ، پاکستان زندہ باد اور پاک فوج کے حق میں نعرے

بدھ 15 اگست 2018 19:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) 71ویں جشن یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور کمشنر ہزارہ کے باہمی اشتراک اور فرنٹیئر 4x4 کلب کے زیراہتمام آزادی مارچ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی ، آزادی مارچ پشاور سے مانسہرہ اور پھر مانسہرہ سے ہری پور تک منعقد ہوئی تھی ، اختتامی تقریب کے موقع پر کمشنر ہزارہ امجد علی خان مہمان خصوصی تھے ، ان کے ہمراہ ڈی پی او ہری پورمنصور خان ، فرنٹیئر 4x4 کلب کے بانی بابر خان ،ایبٹ آباد اور دیگر علاقوں کی اہم شخصیات موجود تھیں ، آزادی مارچ میں کل 52 جیپوں اور 20مائونٹین بائیکس نے حصہ لیا جو کہ پشاور سے باراستہ موٹر وے ، حسن ابدال ، ہری پور ، حویلیاں اور ایبٹ آباد سے ہوتی ہوئی مانسہرہ پہنچی تاہم مانسہرہ سے اگلے روز ایبٹ آباد سے ہوتی ہوئی ہری پور میں اختتام پذیر ہوئی ، اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کمشنر ہزارہ کا کہناتھا کہ 71 ویں یوم آزادی پر آزادی مارچ کے انعقاد کا مقصد دنیا کو پاکستان اور خصوصاً صوبہ خیبرپختونخوا سے امن کا پیغام دینا ہے ، آزادی کی اس خوشی میں آج سب ایک ہیں ، ہزارہ سیاحت کی دولت سے مالا مال ہے ، پرامن ضلع ہونے کی وجہ سے یہاں ہر سال لاکھوں سیاح ملکی و بین الاقوامی ان سیاحتی مقامات کا رخ کرتے ہیں ، آزادی مارچ کا جگہ جگہ پر شاندار استقبال کیا گیا ۔