نجی تعلیمی اداروں کی رہائشی علاقوں سے منتقلی، سپریم کور ٹ نے پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کواسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کی ہدایت

جمعرات 16 اگست 2018 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) سپریم کور ٹ نی'' نجی تعلیمی اداروں کی رہائشی علاقوں سے منتقلی کے حوالے سے کیس میں پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کواسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کی ہدایت کردی ہے اور ہائی کورٹ کوہدایت کی ہے کہ اس معاملے پر 15 روز کے اندر فیصلہ جاری کیا جائے ، بدھ کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میںتین رکنی بنچ نے پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کی رہائشی علاقوں سے منتقلی کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کی ، ا س موقع پرتعلیمی اداروں کے مالکان ) وکیل محمد اخلاق اعوان ،چیئرمین سی ڈی اے،ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد اور دیگر متعلقہ اہلکارعدالت میں پیش ہوئے ،فاضل عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد سابقہ پیشی پر جاری کیا گیا حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھجوا دیا، چیف جسٹس نے قراردیا کہ سی ڈی اے کیس کا حتمی فیصلہ ہونے تک کسی پرائیویٹ سکول اور کالج کو بند کرنے کے حوالے سے نوٹس جاری نہ کرے، بعد ازاں فاضل عدالت نے اپیل نمٹا دی گئی۔