عیدالاضحی پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ڈی جی رینجرز سندھ کی زیر صدارت اجلاس

عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مویشی منڈیوں ،کمرشل ایریاز اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے،اجلاس میں فیصلہ

جمعرات 16 اگست 2018 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) عیدالاضحی پر سکیورٹی انتظامات اور امن و امان کے حوالے سے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس جمعرات کو رینجرز ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورت حال اور اور عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مویشی منڈیوں ،کمرشل ایریاز اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے ۔اس موقع پر مربوط حکمت عملی بھی مرتب کی گئی جس کے تحت کسی بھی قسم کی ممکنہ دہشت گردی یا اسٹریٹ کرائم کے واقعات سے موثر انداز میں نمٹنے ،جبری کھالیں جمع کرنے والے عناصر اور ہوائی فائرنگ یا اسلحے کی نمائش کرنے والے افراد یا گروہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔