ایوان میں مسلم لیگ (ن) کے احتجاج کے باعث سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اجلاس 15 منٹ کے لئے ملتوی کر دیا

اجلاس میں وزیراعظم کے انتخاب کے لئے نتیجہ کا اعلان ہوتے ہی مسلم لیگ (ن) کے ارکان سپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہو گئے اور نعرے بازی شروع کر دی

جمعہ 17 اگست 2018 22:10

ایوان میں مسلم لیگ (ن) کے احتجاج کے باعث سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) ایوان میں مسلم لیگ (ن) کے احتجاج کے باعث سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اجلاس 15 منٹ کے لئے ملتوی کر دیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم کے انتخاب کے لئے نتیجہ کا اعلان ہوتے ہی مسلم لیگ (ن) کے ارکان سپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہو گئے اور انہوں نے نعرے بازی شروع کر دی۔ سپیکر قومی اسمبلی بار بار احتجاج کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان کو اپنی نشستوں پر بیٹھنے کی تاکید کرتے رہے تاہم مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے نعرے بازی اور احتجاج جاری رکھا۔

اس دوران پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے کے ارکان احتجاج سے دور رہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ایم ایم اے کے ارکان متعدد بار مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے پاس آئے اور ان سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی تاہم مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے احتجاج جاری رکھا۔

(جاری ہے)

اس دوران مہمانوں کی گیلریوں سے بھی متعدد بار مسلم لیگ (ن) کے ارکان کے جواب میں نعرے بازی ہوتی رہی۔ سپیکر نے متعدد بار مہمانوں کی گیلریوں سے نعرے بازی بند کرنے کی ہدایت کی۔ کافی دیر تک احتجاج جاری رہنے کی وجہ سے قومی اسمبلی کی کارروائی معطل رہی۔ بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کو بلا کر مشاورت کی جس کے بعد اجلاس 15 منٹ کے لئے ملتوی کر دیا۔