ڈوئنگ بزنس ریفارمز کے تحت مختلف سرکاری محکموں میں غیر معمولی اصلاحات متعارف کر وائی ہیں، ناہید میمن

جمعہ 17 اگست 2018 23:58

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) چیئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ڈوئنگ بزنس ریفارمز کے تحت مختلف سرکاری محکموں میں غیر معمولی اصلاحات متعارف کروائی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں منصوبہ بندی ترقیات، بورڈ آف ریونیو، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، سندھ ریونیو بورڈ اتھارٹی، سندھ سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی، محکمہ محنت، صنعت کے افسران نے شرکت کی جبکہ سینئر اکنامسٹ ورلڈ بینک امجد بشیر نے عالمی بنک کی نمائندگی کی ۔ اجلاس کے شرکاء نے اصلاحات پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈوئنگ بزنس ریفارمز کو تھرڈ پارٹی سے آڈٹ کروایا جائے۔ اس سلسلے میں دنیا کی چار بڑ ی آڈٹ کمپنیز سے ایک کا انتخاب عمل میںلایا جائے گا۔ اس موقع پر چیئر پرسن ایس بی آئی نے آن لائن ادائیگیوں کی اہمیت ٹرانزکشن کے فروغ کیلئے اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ بزنس ڈوئنگ ریفارمز کا اہم جز ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمہ اصلاحات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

ڈوئنگ بزنس ریفارمز کے فروغ کیلئے مستقبل کے پلان سے متعلق اجلاس کو بتایا گیا کہ دوسر ے مرحلے میں محکمہ محنت، صحت، سیسی ڈائریکٹو ریٹ اور کراچی چیمبر آف کامرس و انڈسٹریز میں فیسیلیٹیشن سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ون ونڈو آپریشن کے تحت سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی اور بورڈ آف ریونیو میں جائیداد و پراپرٹی کی رجسٹریشن کے طریقہ کار میں اصلاحات شامل ہیں۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ فیسیلیٹیشن سینٹر میں آن لائن پورٹل کی سہولت موجود ہوگی جس سے بزنس رجسٹریشن کے لئے عمل کو خود کار نظام کے تحت تمام محکموں میں بزنس رجسٹریشن کے تمام معاملا ت اور شکایات کے ازالے کی سہولت موجود رہے گی۔ سندھ بلڈ نگ کنٹرول اتھارٹی میں ون ونڈو آپریشن کے تحت تعمیرات کے اجازت نامے کے حصول کو آسان بنایا جائے گا۔