Live Updates

نئے پاکستان کے لیے ٹیکس کا نیااور منصفانہ نظام ضروری ہے ،

متوازن نظام دولت کی منصفانہ تقسیم، امیر اور غریب کے فرق کو کم کرے گا معاشی انصاف یقینی بنانے کے لیے حکومت سے بھرپور تعاون کریں گے، سید توقیر بخاری صدر راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن

ہفتہ 18 اگست 2018 14:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر سید توقیر بخاری نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کے لیے ٹیکس کا نیا اور عادلانہ نظام ضروری ہے جو دولت کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنا کر امیر اور غریب کے درمیان بڑھتے فرق کو کم کرے، عوام کو معاشی انصاف فراہم کرنے کی کوششوں میں نئی حکومت سے ہر ممکن تعاون اور اس سلسلے میں قابل عمل سفارشات پیش کی جائیں گی، عوام اور کاروباری برادری کو پی ٹی آئی کے اکنامک مینیجرز سے بڑی توقعات وابستہ ہیںاور انھیں انصاف ریلیف اور حسنِ حکمرانی کی امید ہے۔

یہ بات انھوں نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی۔سید توقیر بخاری نے کہا کہ ٹیکس کے نظام کو بدلنے یا موجودہ نظام میں بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے کیونکہ موجودہ ٹیکس سسٹم غیرمتوازن اور زمینی حقائق سے متصادم ہے جسکی وجہ سے غربت مسلسل بڑھ رہی ہے جو ملکی سلامتی کا مسئلہ بن سکتاہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ملکی نظام چلانے کے لئے بالواسطہ ٹیکسوں پر انحصار تقریبا ًنوے فیصد تک پہنچ چکا ہے جس کی وجہ سے عوام غربت کی دلدل میں دھنس رہے ہیںاس کے علاوہ دیگر سنگین معاشرتی بھی مسائل جنم لے رہے ہیں۔

ٹیکس کے نظام کا فوکس اشرافیہ کے وسائل میں مسلسل اضافے کے بجائے براہ راست ٹیکسوں کے ذریعے عوام کی فلاح اور دولت کی منصفانہ تقسیم ہونی چاہیے تاکہ تمام وسائل ایک چھوٹی سے اقلیت کی طرف منتقل ہونے کا سلسلہ بند کیا جا سکے اور عوام کے مسائل میں کمی لائی جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکس کے نظام کی بہتری کے لیے مقامی ماہرین پر انحصار کیا جائے کیونکہ غیر ملکی ماہرین جنھیں ملکی حالات کا ادراک نہیں ہوتا کی سفارشات پر عمل درامد کرنے سے نظام کو مزید پیچیدہ بنانے کے علاوہ کوئی نتیجہ حاصل نہیں کیا جا سکا ہے۔

سید توقیر بخاری نے امید ظاہر کی نئی حکومت ٹیکس گزار اور ٹیکس حکام کے درمیان بد اعتمادی کی فضاء ختم کر دے گی جس کے نتیجے میں ٹیکس نیٹ پھیلے گااور ملک عدم مساوات کی عالمی درجہ بندی میں 152 ممالک میں 139 ویں نمبر سے اوپر جائے گا۔وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بے رحمانہ احتساب کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام شعبوں پر منصفانہ ٹیکس عائد کرے گی تاکہ ملکی ترقی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات