Live Updates

پی ٹی آئی اپنے سو دن کے پلان پر فی الفور عمل درآمد کریگی‘یاسمین راشد

عمران خان کے وزیراعظم بننے سے ملک ترقی کی راہ پرگامزن ہو گا‘رہنما تحریک انصاف

ہفتہ 18 اگست 2018 17:47

پی ٹی آئی اپنے سو دن کے پلان پر فی الفور عمل درآمد کریگی‘یاسمین راشد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاہے کہ عمران خان کے وزیراعظم بننے سے ملک ترقی کی راہ پرگامزن ہو گا، پوری دنیا میں پاکستان کوقدر کی نگاہ سے دیکھا جائیگا ، پی ٹی آئی اپنے سودن کے پلان پر فی الفور عمل درآمد کرے گی ۔انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی زندگی ایک کھلی کتاب کی طرح ہے یہ ہی وہ واحد سیاسی لیڈر ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتا ہے ، پاکستان کو لوٹنے والوں کرپٹ مافیاکو عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے عبرتناک انجام تک پہنچایا ، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی ایک ہی سکے کے دورخ ہیںدونوں جماعتوں نے لوٹ مارکے سوا کچھ نہیں کیا ، عوام آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ، پی ٹی آئی عام آدمی کی جماعت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اگر پاکستان کو باعزت مقام پردیکھنا ہے تو ہمیں اپنی سوچ بدلنی ہو گی ملک کو گھمبیر حالات سے صرف عمران خا ن ہی نکال سکتے ہے ہم اس لیڈر کے ساتھ ہے جس کا دامن صاف ہے، پی ٹی آئی اور چئیرمین عمران خان پر تنقید کرنے والے نوازشریف اور ان کے حواری اپنے گریبان میں جھانکیں۔انہوںنے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اب وفاق کی علامت بن چکی ہے، موجودہ انتخابات سے کرپٹ اور فرسودہ نظام کے خاتمے کی راہ ہموار ہوئی ہے، عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا، بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ ہوگا، معیشت مضبوط اور بیرونی سرمایہ کاری میں بے پناہ اضافہ ہوگا، عمران خان نے کفایت شعاری اور سادگی کا جو پیغام دیا ہے اس سے انکی فہم و فراست اور قابلیت کا اندازہ ہوتا ہے آج تک کسی حکمران نے بھی ایسا پیغام نہیں دیا جو عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب میں دیا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات